یوٹیوبر اذلان شاہ کی جانب سے شادی پر دلہن کو ’گدھے‘ کا تحفہ

اپ ڈیٹ 09 دسمبر 2022
دونوں کی شادی کی تصاویر و ویڈیوز وائرل ہوگئیں—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کی شادی کی تصاویر و ویڈیوز وائرل ہوگئیں—فوٹو: انسٹاگرام

یوٹیوبر اذلان شاہ نے شادی پر اپنی دلہن وریشہ جاوید خان کو ’گدھے‘ کے بچے کا تحفہ دے کر سب کو حیران کردیا۔

اذلان شاہ اور وریشہ جاوید کی شادی دو دن قبل ہوئی تھی اور ان کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز اس وقت وائرل ہوگئیں جب دلہے نے دلہن کو تحفے میں ’گدھے‘ کا بچہ دیا۔

یوٹیوبر نے ’گدھے‘ کو دلہن کو بطور تحفہ دیے جانے کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیں اور سبب بھی بتایا کہ آخر انہوں نے دوسرے جانوروں کے بجائے ’گدھا‘ ہی تحفے میں کیوں دیا؟

اذلان شاہ کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اپنی دلہن کو ’گدھے‘ کا بچہ تحفے میں دیتے ہوئے بتا رہے ہیں کہ انہیں تمام جانور پسند ہیں لیکن ’گدھا‘ انہیں سب سے زیادہ پسند ہے۔

مذکورہ ویڈیو میں دلہن وریشہ جاوید خان بھی بتاتی ہیں کہ انہیں ’گدھا‘ سب سے زیادہ پسند ہے۔

دلہے کی جانب سے شادی کے موقع پر دلہن کو ’گدھے‘ کا بچہ تحفے میں دیے جانے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور جہاں لوگوں نے ان پر تنقید کی، وہیں بعض لوگوں نے ان کی تعریفیں بھی کیں۔

ان کی تعریفیں کرنے والے افراد نے لکھا کہ لوگ بلی اور کتے سمیت دیگر جانور تحائف میں دیتے ہیں، اس وقت کوئی کچھ نہیں بولتا لیکن اب کسی نے ’گدھے‘ کو بطور تحفہ دیا ہے تو سب تنقید کر رہے ہیں۔

ان پر تنقید کرنے والے افراد نے طرح طرح کے کمنٹس کرتے ہوئے دلہے کی جانب سے دلہن کو دیے گئے تحفے کو فضول اور بیکار قرار دیا۔

تاہم اذلان شاہ نے لوگوں کی تنقید کی پروا کیے بغیر دلہن کو ’گدھے‘ کا بچہ تحفے میں دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ لوگ ان سے متعلق کیا کہتے ہیں؟

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں