سندھ میں قدرتی گیس کی شدید قلت کی وجہ سے درپیش شدید مشکلات کا مشاہدہ کرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ نے صوبائی حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس بحران سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں آگاہ کریں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عدالت نے صوبائی لا افسر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے گیس کی تقسیم کے معاملے کو 2018 میں مشترکہ مفادات کی کونسل (سی سی آئی) کے پاس بھیج دیا تھا، لہٰذا آئندہ سماعت میں اس حوالے سے تحریری بحث، سفارشات اور سی سی آئی کی جانب سے جاری کیے گئے احکامات پیش کرے۔

جسٹس محمد کریم خان آغا کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 158 کے مطابق قدرتی گیس پیدا کرنے والے صوبے کا اس پر پہلا حق ہے لیکن صوبے کے زیادہ تر لوگوں کے پاس اتنی گیس نہیں ہے کہ وہ ایک کپ چائے بھی تیار کر سکیں۔

سندھ ہائی کورٹ نے حکومتِ سندھ کو صوبے میں گیس کے بحران کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے ساتھ ساتھ آرٹیکل 158 کے نفاذ یا سی سی آئی میں کسی ایسے پرامن حل کے بارے میں ٹائم فریم اور شیڈول سمیت کچھ معقول تبصرے درج کرنے کی ہدایت کی جس سے سندھ کے عوام کو فائدہ ہو۔

بینچ کو بتایا گیا کہ سینئر وکیل مخدوم علی خان کی طبیعت ناساز ہے، انہیں آرٹیکل 158 سے متعلق ان امور پر عدالتی معاون کے طور پر مقرر کیا گیا تھا جس میں صوبائی حکومت کی اجازت کے بغیر سندھ سے گیس لینے کا حکومت کا اختیار بھی شامل ہے۔

بینچ کے سابقہ حکم کی روشنی میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ذیشان آدھی نے چیف سیکریٹری کو خط لکھا جس میں ہدایات مانگی گئی تھیں کہ حکومتِ سندھ صوبے میں گیس کی شدید قلت کے باعث آرٹیکل 158 کے حوالے سے کس طرح نمٹنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

بینچ نے مشاہدہ کیا کہ آرٹیکل 158 کے تحت گیس کی تقسیم سے متعلق معاملہ 4 برس قبل سی سی آئی کو بھیجا گیا تھا لیکن بینچ نے سی سی آئی کی جانب سے اس حوالے سے کوئی سفارش، بحث یا فیصلہ نہیں دیکھا۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ذیشان آدھی نے ججز کو بتایا کہ آرٹیکل 185 کے تحت قدرتی گیس کی فراہمی میں سندھ کے لوگوں کو ترجیح دی جانی چاہیے تھی، لیکن مذکورہ آرٹیکل پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے صوبے کے عوام بنیادی مسائل کا شکار ہیں۔

بینچ نے وکیل کو ہدایت کی کہ وہ ٹائم فریم کے ساتھ ایک بیان بھی درج کریں کہ حکومتِ سندھ زیر بحث آرٹیکل کو نافذ کرنے یا سی سی آئی میں اس کا کوئی مناسب حل نکالنے کے لیے کیا کرنا چاہتی ہے۔

بینچ نے نوٹ کیا کہ بنیادی طور پر سی سی آئی کی جانب سے کیا گیا کوئی بھی فیصلہ کسی بھی صورت میں آرٹیکل 158 کی دفعات کو ’اوور رائیڈ‘ نہیں کر سکتا، عدالت اس موضوع پر آئندہ سماعت پر عدالتی معاون کو اسے حل کرنے کی ہدایت دے گی۔

بینچ نے یہ ہدایات دسمبر 2013 میں سپریم کورٹ کی ہدایات کے باوجود سندھ میں ہر ایک ایکسپلوریشن اور پروڈکشن سائٹ کے 5 کلومیٹر کے اندر واقع دیہاتیوں کے لیے گیسیفکیشن اور فلاحی فنڈز کی عدم فراہمی سے متعلق تقریباً 10 ایک جیسی درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے جاری کیں۔

دریں اثنا بینچ نے وفاقی سیکریٹری خزانہ کو پہلے جاری کیا گیا شوکاز نوٹس خارج کر دیا کیونکہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے تصدیق کی کہ سندھ کے دیہاتوں کی گیسیفکیشن کے لیے 66 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔

سیکریٹری حماد یعقوب شیخ نے بینچ کے روبرو پیش ہو کر شوکاز نوٹس کا جواب داخل کرایا اور بینچ کو یقین دہانی کروائی کہ وہ ایک طریقہ کار بنائیں گے تاکہ طے شدہ شیڈول کے مطابق مزید ادائیگیاں ہو سکیں۔

تبصرے (0) بند ہیں