برفباری کے سبب آزاد کشمیر میں پھنسے 200 سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا

30 دسمبر 2022
سیکڑوں لوگ سیزن کی پہلی برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لیے پیر چناسی ریزورٹ پر پہنچے تھے— فائل فوٹو: اے پی پی
سیکڑوں لوگ سیزن کی پہلی برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لیے پیر چناسی ریزورٹ پر پہنچے تھے— فائل فوٹو: اے پی پی

آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت کے مضافات میں واقع ایک اونچے سیاحتی مقام پر برفباری میں پھنسے خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 200 سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ڈویژنل کمشنر مسعود الرحمٰن نے ڈان کو بتایا کہ چونکہ محکمہ موسمیات نے جمعرات کو بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی تھی، اس لیے سیکڑوں لوگ سیزن کی پہلی برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لیے 9ہزار 300فٹ بلندی واقع پیر چناسی ریزورٹ پر پہنچے تھے۔

تاہم جب برف باری شدید ہو گئی، تو ان میں سے اکثر برف سے ڈھکی سڑک کے سبب مظفر آباد واپس نہیں جا سکے اور نتیجتاً وہیں پھنس گئے۔

کمشنر نے کہا کہ کچھ مقامی سیاحوں کی جانب سے مظفرآباد میں مقیم میڈیا کے نمائندوں اور پولیس کو صورتحال سے آگاہ کرنے کے بعد ریسکیو ٹیمیں پھنسے ہوئے سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے 4x4 گاڑیوں میں علاقے میں پہنچ گئیں۔

موٹرسائیکلوں سواروں کو مظفرآباد سے اپنی گاڑیوں میں 34 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع پیر چناسی تک پہنچنے میں ایک گھنٹے سے بھی کم وقت لگتا ہے۔

مسعود الرحمٰن نے کہا کہ ٹیموں نے اپنی 4x4 گاڑیوں میں پھنسے ہوئے سیاحوں کو ریسکیو آپریشن کے پہلے مرحلے میں 7ہزار540 فٹ اونچائی پر واقع پیر چناسی سے پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر سران میں ایک سرکاری گیسٹ ہاؤس تک پہنچایا، انہوں نے کہا کہ سران سے ان سب کو بعد میں مظفرآباد لایا گیا۔

کمشنر نے کہا کہ 30 ڈرائیوروں کو رات بھر کے لیے سران ریسٹ ہاؤس میں محفوظ رہائش فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ جمعہ کو موسم صاف ہونے کی پیش گوئی کے بعد امید ہے کہ وہ پیر چناسی میں اپنی پھنسی ہوئی گاڑیوں کو واپس لے جا سکیں گے۔

مسعود الرحمٰن نے کہا کہ شدید برف باری نے بلندی پر واقع دیگر علاقوں کو بھی متاثر کیا لیکن کہیں اور سے ایسی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں