اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن رواں ہفتے ہی انعقاد کے لیے تیار

اپ ڈیٹ 02 جنوری 2023
ذرائع نے بتایا کہ کمیشن اس ہفتے کسی بھی وقت انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
ذرائع نے بتایا کہ کمیشن اس ہفتے کسی بھی وقت انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن کے انعقاد کی تیاریاں شروع کردی ہیں کیونکہ اسے توقع ہے کہ انہیں اسلام آباد میں ایک عرصے سے التوا کا شکار بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا کسی بھی وقت کہا جاسکتا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کے ایک اہلکار نے تصدیق کی کہ پولنگ بیگز ریٹرننگ افسران کو بھجوائے جاچکے ہیں جنہیں پہلے ہی ہدایت کی گئی تھی کہ وہ پولنگ کے مواد کو مناسب حفاظتی انتظامات کے تحت رکھنے کے لیے کمرے مختص کریں۔

قانون کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان 120 دن کے اندر انتخابات کرانے کا پابند ہے جہاں اسلام آباد میں بلدیاتی اداروں کی مدت 14 فروری 2021 کو ختم ہوگئی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف انٹراکورٹ اپیل زیر التوا ہے لیکن الیکشن کمیشن اس ہفتے کسی بھی وقت انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اسلام آباد وقاص احمد ملک جو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر بھی ہیں، پہلے ہی ریٹرننگ افسران کو ضروری ہدایات جاری کر چکے ہیں۔

اس سے قبل کمیشن نے 31 دسمبر کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول طے کیا تھا، بعدازاں اس نے اس نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلے کی وجہ بتاتے ہوئے مشق ملتوی کردی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے جمعہ کو کمیشن کو حکم دیا تھا کہ وہ ہفتے کو انتخابات کرائے، جو پولنگ عملے کی غیر موجودگی، سیکیورٹی انتظامات اور لاجسٹک مسائل کی وجہ سے نہیں ہو سکے۔

تبصرے (0) بند ہیں