مظفرآباد: مسافر کوچ کھائی میں گرنے سے 5 افراد جاں بحق

اپ ڈیٹ 06 جنوری 2023
ایس ایس پی نے کہا حادثے کا شکار ہونے والوں میں کوچ ڈرائیور اور کنڈکٹر بھی شامل ہیں — فوٹو: طارق نقاش

آزاد جموں اور کشمیر کے ضلع مظفر آباد میں مسافر کوچ کھائی میں گرنے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق صبح کے وقت مظفر آباد کے علاقے رحیم کوٹ کے قریب مسافر کوچ کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں 5 مسافر جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

ایس ایس پی سلطان اعوان نے کہا کہ مسافر راولپنڈی سے اپنے آبائی علاقے رحیم کوٹ کے گاؤں مشٹمبہ جارہے تھے کہ صبح 4:30 بجے حادثہ پیش آیا۔

ایس ایس پی نے کہا کہ حادثے کا شکار ہونے والوں میں کوچ ڈرائیور اور کنڈکٹر بھی شامل ہیں جبکہ زخمی مسافروں میں سے ایک کی حالات تشویش ناک ہے۔

ڈان ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے ایک شہری راجا امجد نے کہا کہ ابھی تک حادثے کا سبب معلوم نہیں ہوسکا لیکن گاڑی کی حالت بہتر ہے جس سے لگتا ہے کہ ڈرائیور کو نیند آگئی تھی۔

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے حادثے میں قیمتی زندگیوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کی ہے۔

وزیر اعظم نے جاں بحق مسافروں کے بلند درجات اور زخمی مسافروں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔

خیال رہے کہ علاقے میں سڑکوں کی ناقص صورت حال کی وجہ سے حادثات ہوتے رہتے ہیں، ایک ماہ قبل بھی وادی نیلم کے میں جیپ حادثے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کی 6 خواتین جاں بحق ہوگئی تھیں جبکہ کئی افراد زخمی ہوگئے تھے۔

اسی طرح ضلع سدھونتی میں مسافر وین نالے میں گرگئی تھی، جس کے نتیجے میں 3 طلبہ جاں بحق ہوگئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں