عمران خان کی پرویز الہٰی کی رہائشگاہ پر چھاپوں کی مذمت، ’ان حربوں سے ہمارا عزم پختہ ہوتا ہے‘

08 فروری 2023
عمران خان نے کہا کہ شریفوں کے ساتھ تو قید میں بھی وی آئی پی سلوک کیا گیا—فائل فوٹو : ڈان نیوز
عمران خان نے کہا کہ شریفوں کے ساتھ تو قید میں بھی وی آئی پی سلوک کیا گیا—فائل فوٹو : ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے گھر پر پولیس چھاپوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان حربوں سے ہمارا عزم مزید پختہ ہوتا ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے گھر پر پولیس چڑھائی کے خلاف سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے دور میں شریف خاندان کے خلاف ہونے والی کارروائیاں اور گرفتاریاں پانامہ انکشافات نیب کے مقدمات کا نتیجہ تھیں۔

عمران خان نے کہا کہ گجرات میں چوہدری پرویزالہٰی کی رہائش گاہ پر پولیس کے پے در پے چھاپوں،ان کے حامیوں اور ساتھیوں کےاغوا اور بلاجواز گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ یہ سب امپورٹڈ سرکار اور اس کے سرپرستوں کی جانب سے ہمارے حامیوں کو خوفزدہ کرنے کے لیے روا رکھی جانے والی ننگی فسطائیت ہے۔

عمران خان نے کہا کہ محض یاد دہانی کیلئے عرض ہے کہ ہمارے دور میں شریفوں کے خلاف ہونے والی کارروائیاں اور ان کی گرفتاریاں وغیرہ پانامہ انکشافات اورنیب کے ان مقدمات کا نتیجہ تھیں جن میں سے 95 فیصد سے زائد ہمارے حکومت میں آنے سے پہلے قائم کئے گئے تھے۔

عمران خان نے کہا کہ شریفوں کے ساتھ تو قید میں بھی وی آئی پی سلوک کیا گیا مگر ان کا ہدف این آر او تھا جسے مسترد کیا گیا اسکے برعکس یہ حراسگی، گرفتاریوں، زیرِحراست تشدد اور اغوا وغیرہ کوخالصتاً سیاسی انتقام کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ انہیں (شریف خاندان) کو یقین ہے کہ کسی بھی سطح کے انتخابات نہیں جیت سکتے چنانچہ ریاستی قوت کے ظالمانہ استعمال سے ہمیں کچلنا چاہتے ہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ یہ اپنے عزائم میں کامیاب نہ ہو پائیں گے کیونکہ ان کے ان حربوں سے ہمارا عزم مزید پختہ ہی ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ یکم فروری کو سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور رہنما مسلم لیگ (ق) پرویز الہٰی نے دعویٰ کیا تھا کہ گجرات میں ان کی رہائش گا پر پولیس نے چھاپہ مارا ہے۔

قبل ازیں یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ گجرات میں کنجاہڑی میں چوہدری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ کو پولیس نے گھیرے میں لے کر چھاپہ مارا ہے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق چھاپے کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق یکم فروری کی صبح کو پولیس کی درجنوں گاڑیوں نے چوہدری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ کنجاہڑی ہاؤس کو گھیرے میں لے لیا، فیملی کا کوئی فرد گھر پر موجود نہیں تھا، گھر میں صرف ذاتی ملازمین موجود تھے جن سے پولیس پوچھ گچھ کرتی رہی۔

پولیس نے چوہدری وجاہت حسین کے بارے میں بھی پوچھا جن پر آڈیو وائرل اور کوٹلہ واقعے کا مقدمہ درج ہے، آڈیو میں ایک خاتون ایم این اے کے اغوا کے بارے گفتگو کی گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق پولیس کی بھاری نفری اب واپس جاچکی ہے تاہم اب بھی پولیس کی گاڑیاں وہاں گشت کر رہی ہیں، پولیس کی جانب سے تاحال اس چھاپے کے حوالے سے کوئی مؤقف سامنے نہیں آسکا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں