پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمشین آف پاکستان سے قومی اسمبلی کے 33 حلقوں پر ضمنی انتخابات 16 کے بجائے 19 مارچ کو کرانے کا مطالبہ کردیا۔

تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط لکھتے ہوئے 33 حلقوں پر ضمنی انتخابات کا انعقاد 16 مارچ کے بجائے 19 مارچ کو کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

اسد عمر نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو لکھے گئے خط میں لکھا ہے کہ الیکشن کمیشن قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے انعقاد کر شیڈول جاری کر چکا ہے جس میں جمعرات کا دن مقرر کیا گیا ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ جمعرات معمول کے مطابق کاروبار کا دن ہے عوام کا بڑا حصہ اپنے نجی و سرکاری امور کی انجام دہی میں مصروف ہوگا۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ ورکنگ ڈے پر پولنگ کروانے سے ووٹرز کے بڑے حصے کو ووٹ کے حق سے محرومی کے امکانات ہیں، اگر مقامی طور پر چھٹی کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو بھی ٹرن آوٹ پر منفی اثرات کے امکانات ہیں۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ الیکشن کے انعقاد کی تاریخ میں معمولی سی تبدیلی سے انتخابی عمل میں ووٹرز کی شرکت کی حوصلہ افزائی ہوگی، الیکشن کمیشن اپنے شیڈول پر نظر ثانی کرے اور جمعرات کے بجائے اتوار 19 مارچ کو ان 33 حلقوں میں انتخاب کروائے۔

خیال رہے کہ اپریل 2022 میں عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہونے کے بعد عمران خان کے فیصلے پر تحریک انصاف کے تمام اراکین قومی اسمبلی نے اجمتماعی استعفے دیے تھے۔

بعدازاں الیکشن کمیشن نے تمام اراکین کے استعفے الگ الگ منظور کرنا شروع کیے الیکن پھر تحریک انصاف نے پارلیمان میں واپسی کا عندیہ دیا تو مزید اراکین کے استعفے بھی منظور ہونا شروع ہوگئے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے 27 جنوری کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی ائی) کے اراکین کے استعفے کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کیا تھا۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے 33 حلقوں پر 16 مارچ 2023 کو ضمنی انتخابات ہوں گے جس کے لیے 6 فروری سے 8 فروری تک کاغذات نامزدگی وصول کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے جماعت کے 33 اراکین کے استعفے کے بعد خالی ہونے والی 33 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا اور ان تمام نشستوں سے امیدوار چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ہی ہوں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں