خیبرپختونخوا: کوہستان میں سیری پٹن کے مقام پر گھر میں آتشزدگی، 10 افراد جاں بحق

اپ ڈیٹ 17 مارچ 2023
فرمان علی نے بتایا کہ زخمی افراد کو سیری پٹن کے رول ہیلتھ سینٹر منتقل کر دیا — فوٹو: عمر باچا
فرمان علی نے بتایا کہ زخمی افراد کو سیری پٹن کے رول ہیلتھ سینٹر منتقل کر دیا — فوٹو: عمر باچا
— فوٹو: عمر باچا
— فوٹو: عمر باچا

خیبرپختونخوا کے ضلع کوہستان میں سیری پٹن کے مقام پر گھر میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں خاتون اور بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔

لوئر کوہستان میں ریسکیو 1122 کے ترجمان فرمان علی نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ جمعہ کو علی الصبح شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لکڑی کے گھر میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، اُس وقت تمام رہائشی سو رہے تھے۔

مزید بتایا کہ آگ کے باعث گھر کی چھتیں گر گئیں اور رہائشی افراد ملبے تلے دب گئے، جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 3 دیگر زخمی ہو گئے، فرمان علی نے مزید بتایا کہ رہائشیوں کے جاگنے سے پہلے ہی پورے گھر کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ جب ریسکیو کی کوششیں شروع کی گئیں تو اندھیرا تھا، جس کی وجہ سے لاشیں اور زخمیوں کو نکالنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

فرمان علی نے بتایا کہ تاہم تمام افراد کی لاشیں برآمد کرلی گئیں جبکہ تین زخمی افراد کو سیری پٹن کے رول ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس واقعے میں 8 بھینسیں بھی ہلاک ہوگئیں، مقامی لوگوں نے بھی ریسکیو کی کوششوں میں حصہ لیا تھا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل کراچی کی شاہراہ فیصل روڈ پر ایک کمرشل ہائی رائز عمارت میں بھی لگنے والی آگ کی وجہ کو بھی چیف فائر افسر اشتیاق احمد نے شارٹ سرکٹ قرار دیا تھا۔

اسی طرح ایک ہفتہ قبل مٹھی کے علاقے عاقل میں ایک گھر میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی تھی، جس نے تقریباً 36 کچے مکانات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

اگرچہ کسی جانی نقصان نہیں ہوا تا تاہم تباہ کن آگ سے متاثرین کا تمام قیمتی سامان مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں