سندھ: ملز مالکان نے آٹے کی فی کلو قیمت میں 10 روپے کی کمی کردی

اپ ڈیٹ 19 مارچ 2023
قیمتوں میں کمی کے رجحان کی ایک اور وجہ کھلی منڈی میں نئی فصل سے گندم کی آمد شروع ہونا بھی ہے — فائل فوٹو: اے پی پی
قیمتوں میں کمی کے رجحان کی ایک اور وجہ کھلی منڈی میں نئی فصل سے گندم کی آمد شروع ہونا بھی ہے — فائل فوٹو: اے پی پی

حالیہ ہفتوں میں قیمتوں میں ریکارڈ حد تک اتار چڑھاؤ کے بعد سندھ کے فلور ملز مالکان نے رمضان سے قبل صارفین پر کچھ رحم کرنے کے لیے مختلف اقسام کے آٹے کے نرخوں میں 10 روپے فی کلو تک کمی کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈھائی نمبر آٹے کے 50 کلو تھیلے کی قیمت 6 ہزار 900 روپے سے کم کر کے 6 ہزار 400 روپے (128 روپے فی کلو) کر دی گئی ہے، جبکہ فائن آٹے اور میدہ کی قیمت 7 ہزار سے کم کر کے 6 ہزار 500 روپے فی 50 کلو (130 روپے فی کلو) کر دی گئی۔

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (پی ایف ایم اے) سندھ زون کے چیئرمین چوہدری عامر عبداللہ نے کہا کہ محکمہ خوراک سندھ کے حکام نے ایک اجلاس کے دوران کاشتکاروں اور ملرز کو یقین دہانی کرائی تھی کہ اندرونِ سندھ سے آنے والے گندم کے ٹرکوں کو کراچی میں قبضے میں نہیں لیا جائے گا جس کے بعد قیمتوں میں کمی کردی گئی۔

ملرز نے شکایت کی تھی کہ محکمہ خوراک کے اہلکاروں نے گندم کی خریداری کے اہداف حاصل کرنے کے لیے ان ٹرکوں کو زبردستی قبضے میں لے کر لانڈھی میں سرکاری گوداموں میں گندم اتاری تھی۔

قیمتوں میں کمی کے رجحان کی ایک اور وجہ کھلی منڈی میں نئی فصل سے گندم کی آمد شروع ہونا بھی ہے جس سے سپلائی کے دباؤ میں کمی آئی اور نتیجے میں گندم کی دستیابی بہتر ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کے حکام نے ملرز کی شکایات سنیں اور اس مسئلے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کا وعدہ کیا۔

انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ ایک نتیجہ خیز اجلاس کے بعد یہ توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ ہفتے گندم کی قیمت 12 ہزار روپے سے کم ہو کر 10 ہزار 500 روپے فی 100 کلوگرام ہو جائے گی۔

دریں اثنا ایک مل مالک نے بتایا کہ کراچی کو پیسنے کے لیے یومیہ 10 ہزار ٹن گندم کی ضرورت ہوتی ہے لیکن تقریباً 3 سے 4 ہزار ٹن سپلائی کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ کراچی میں گندم کی آمد کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے بعد اندرون سندھ سے گندم کی فراہمی کی صورتحال اگلے ہفتے بہتر ہوجائے گی۔

خیال رہے کہ اندرون سندھ سے کراچی آنے والے گندم کے ٹرکوں کو قبضے میں لینے کا رواج کئی برسوں سے رائج تھا جب کہ ملز مالکان محکمہ خوراک سندھ مطالبہ کرتے آرہے تھے کہ وہ کراچی کے لیے نجی سیکٹر اور کاشتکاروں کی گاڑیاں ضبط کرنے کے بجائے خود کاشتکاروں سے گندم منگوائے۔

پاکستان ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں 16 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 20 کلو گندم کے تھیلے کا ریٹ 2 ہزار 800 سے 2 ہزار 900 روپے سے بڑھ کر 2 ہزار 900 سے 3 ہزار 100 روپے ہوگیا، جبکہ ٹھیک ایک سال پہلے 20 کلو آٹے کا تھیلا 11 سو سے 14 سو 40 روپے میں دستیاب تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں