اِعمار گروپ، مقبوضہ کشمیر میں 6 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کرے گا

اپ ڈیٹ 21 مارچ 2023
سری نگر کی ڈل جھیل — فوٹو: رائٹرز
سری نگر کی ڈل جھیل — فوٹو: رائٹرز

دبئی کا اِعمار گروپ مقبوضہ کشمیر میں 6 کروڑ ڈالر کی لاگت سے شاپنگ مال اور آفس کمپلیکس تعمیر کرنے جارہا ہے۔

ڈان اخبار میں خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق اِعمار گروپ نے اعلان کیا ہے کہ ترقیاتی پروگرام میں سری نگر میں ایک شاپنگ مال اور تجارتی ٹاور کی تعمیر شامل ہوگی۔

یہ اعلان خطے میں حکومت کی جانب سے پہلی غیر ملکی سرمایہ کاری کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے، جب مرکزی حکومت نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر نے مالی سال 23-2022 کے پہلے 10 ماہ میں 18 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی ریکارڈ سرمایہ کاری حاصل کی ہے۔

اِعمار پراپرٹیز کے چیف ایگزیکٹو افسر امیت جین نے رپورٹرز کو بتایا کہ سرمایہ کاری کے دوررس اثرات مرتب ہوں گے۔

امیت جین نے ’مال آف سرینگر‘ کا سنگ بنیاد رکھے جانے کے بعد بتایا کہ یہ شروعات ہے، ہمیں لوگوں کو متاثر کرنا چاہیے، لوگوں کو فالو کرنا چاہیے، یہ مال 10 لاکھ مربع فٹ کا ہے جس میں 500 دکانیں ہوں گی اور اس س تقریباً 7 سے 8 ہزار نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

خیال رہے کہ 19 اکتوبر 2021 کو نریندر مودی کی بھارتی حکومت نے کہا تھا کہ دبئی، مقبوضہ کشمیر میں انفرا اسٹرکچر کی تعمیرات کے معاہدے پر دستخط کر چکا ہے جہاں خطہ اس وقت تشدد کی لپیٹ میں ہے۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی 7 ریاستوں میں سے ایک دبئی کا حساس خطے میں کسی بھی غیر ملکی حکومت کے ساتھ سرمایہ کاری کا یہ پہلا معاہدہ تھا جہاں کشمیر کا علاقہ خود مختاری سے محروم ہے اور دو حصوں میں تقسیم مسلمان اکثریتی ریاست مقبوضہ کشمیر پر بھارت براہِ راست حکمرانی کر رہا ہے۔

نئی دہلی حکومت نے کہا تھا کہ معاہدے کے مطابق دبئی کی جانب سے انفرا اسٹرکچر کی تعمیر کی جائے گی، جس میں صنعتی پارکس، آئی ٹی ٹاور، کثیرالمقاصد ٹاورز، لاجسٹک سینٹرز، میڈیکل کالج اور اسپیشلائزڈ ہسپتال شامل ہیں۔

بھارتی وزیر تجارت پیوش گویل نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’دنیا نے ترقی کی اس رفتار کو تسلیم کرنا شروع کردیا ہے جس پر (مقبوضہ) جموں و کشمیر چل رہا ہے‘۔

تبصرے (0) بند ہیں