عمران خان، دیگر پر مقدمات کے خلاف عالمی اداروں سے رابطہ کر رہے ہیں، فواد چوہدری

28 مارچ 2023
فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف 29 مقدمات درج کیے گئے—فوٹو: ڈان نیوز
فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف 29 مقدمات درج کیے گئے—فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان سمیت پارٹی کی سینیئر قیادت پر درج مقدمات کے حوالے سے عالمی اداروں سے رابطہ کرنے جارہے ہیں۔

لاہور میں پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ججوں کو پتا نہیں ہے کہ کوئی حقوق ہوتے ہیں جن کا تحفظ کرنے کے لیے انہیں تنخواہ دی جاتی ہے اور لوگوں کے حقوق کی حفاظت کے لیے جوڈیشری کا ادارہ بنایا گیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ گزشتہ روز 10 سالہ بچے کو مجسٹریٹ نے جوڈیشل ریمانڈ کردیا ہے جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوٹس لیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف 29 مقدمات درج کیے گئے جن میں سے 15 مقدمات ایک دن میں درج کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت تک عمران خان سمیت پی ٹی آئی کی سینیئر قیادت پر 143 مقدمات درج کیے گئے ہیں، مزید کہا کہ 21 مارچ تک 1060 افراد زیر حراست تھے جن کی فہرست ہم نے عدالت کو دے دی ہی جبکہ اب 11 سو افراد مزید گرفتار ہیں جن کی فہرست بھی اب دے رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ یہ جو سارا کچھ ہو رہا ہے اس کا 90 فیصد پنجاب اور اسلام آباد میں ہو رہا ہے جس کے خلاف ہم پوری مہم چلانے جارہے ہیں جس میں ہم عالمی اداروں اور ڈپلومیٹک کور سے رابطہ کر رہے ہیں لیکن یہ خوش آئندہ بات ہے کہ دنیا کے طاقتور اداروں کی پاکستان پر نظر آگئی ہے جہاں دنیا میں ایسے معاملات پر بات ہو رہی ہے جبکہ اگلے 10 دن کے اندر یہ دباؤ بڑھے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ محسن نقوی سمیت پنجاب کی کرمنل کابینا کے خلاف سمندر پار پاکستانیوں نے ان کی ویزا معطل کرانے اور مغربی ممالک میں داخلہ پر پابندی کے لیے ناپسندیدہ شخص قرار دینے کے لیے مہم شروع کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آئی جی پنجاب، آئی جی اسلام آباد اور متعلقہ افسران سمیت پنجاب کی کابینا کے خلاف مقدمات درج کرانے جارہے ہیں اور ان کو پرسونا نان گراٹا (ناپسندیدہ شخص) قرار دلانے کی کوشش کر رہے ہیں جس سے ان کے ویزا منسوخ ہوں گے اور باہر منہ دکھانے کے لائق نہیں ہوں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جو ہرکتیں ہیں پاکستان کو دوبارہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) میں شامل کرائیں گے اور انسانی حقوق پر یورپ کے ساتھ خصوصی حیثیت کو ختم کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے پاکستان کے مسائل کو سمجھنے کی کوشش کریں، پاکستان دیوالیہ ہونے جارہے ہیں لیکن ان کو کوئی پتا نہیں ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں