بولی وڈ فلموں میں خواتین کے اغوا، انہیں قتل کرنے جیسے جرائم کرنے کے علاوہ دیگر برے کردار ادا کرکے شہرت حاصل کرنے والے اداکار اشش ودیارتھی نے دوسری شادی کے بعد اب پہلی شادی کے طلاق پر ختم ہونے کی تصدیق کردی۔

ایک روز قبل خبر سامنے آئی تھی کہ اشش ودیارتھی نے 60 سال کی عمر میں خود سے نصف عمر خاتون 33 سالہ روپالی براؤ سے شادی کرلی۔

ضعیف العمری میں دوسری شادی کرنے پر جہاں شائقین اور شوبز شخصیات نے اشش ودیارتھی کو مبارک باد پیش کی تھی، وہیں بعض لوگوں نے ان پر تنقید بھی کی تھی اور ان پر پہلی بیوی کو دھوکہ دینے کا الزام بھی لگایا تھا۔

لوگوں کی جانب سے پہلی بیوی کو دھوکے دیے جانے کے الزامات عائد کیے جانے کے بعد اشش ودیارتھی نے انسٹاگرام پر وضاحتی ویڈیو جاری کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کی پہلی بیوی سے طلاق ہوچکی۔

مختصر دورانیے کی ویڈیو میں بولی وڈ اداکار نے پہلی بیوی کے ساتھ زندگی کے گزرے 22 سال کو عمر کا بہترین حصہ قرار دیا اور ساتھ ہی کہا کہ انہیں پہلی بیوی نے خوبصورت بیٹا ارتھ بھی دیا۔

انہوں نے پہلی بیوی پیلو راجوشی ودیارتھی کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں بہترین ہم سفر اور خوبصورت انسان بھی قرار دیا۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ہر انسان کی الگ الگ خواہشات، ترجیحات اور عادتیں ہوتی ہیں لیکن ہر شخص میں ایک بات مشترک ہوتی ہے کہ وہ ہر کوئی خوش رہنا چاہتا ہے اور اسی لیے انہوں نے اور ان کی پہلی بیوی نے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں اور ان کی پہلی اہلیہ کو لگا کہ ان کا مستقبل اتنا اچھا اور پیارا نہیں ہوگا جتنا وہ چاہتے ہیں، اس لیے ان دونوں نے باہمی رضامندی کے ساتھ بیٹے اور رشتے داروں کے مشوروں سے علیحدگی اختیار کی۔

انہوں نے پہلی بیوی سے کچھ عرصہ قبل طلاق ہوجانے کی تصدیق کی۔

ساتھ ہی انہوں نے ویڈیو میں دوسری شادی پر بھی بات کی اور کہا کہ ان کا دوسری اہلیہ روپالی براؤ سے طلاق کے بعد رابطہ ہوا تھا، جس کے بعد وہ دونوں رابطے میں رہے اور پھر انہوں نے انہیں شادی کی پیش کش کی، جس پر روپالی نے رضامندی ظاہر کی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی عمر 60 سال نہیں 57 سال ہے جب کہ ان کی دوسری بیوی 50 سال کی ہیں۔

دوسری جانب اشش ودیارتھی کی پہلی اہلیہ نے بھی ’ہندوستان ٹائمز‘ کو دیے گئے انٹرویو میں طلاق ہوجانے کی تصدیق کی اور کہا کہ دونوں نے باہمی رضامندی سے شادی ختم کی، کسی نے کسی پر کوئی دباؤ نہیں ڈالا تھا۔

پیلو راجوشی ودیارتھی کا کہنا تھا کہ دونوں 2021 میں الگ ہوگئے تھے اور اکتوبر 2022 میں دونوں نے باہمی رضامندی سے عدالت میں طلاق کا کیس دائر کیا تھا اور دونوں نے انتہائی اچھے طریقے سے شادی کو ختم کیا۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اشش ودیارتھی نے انہیں کوئی دھوکہ نہیں دیا، وہ اچھے شوہر، بہترین شریک حیات اور ذمہ دار والد ہیں اور رہیں گے۔

انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ان کے سابق شوہر کو ان کی پسند کا ساتھی مل گیا اور انہوں نے شادی کرلی۔

اپنی دوسری شادی کے سوال پر پیلو راجوشی کا کہنا تھا کہ انہیں شادی کی ضرورت نہیں لیکن جب ہوگی تو وہ کرلیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ان کے شوہر کو دوسری شادی کی زیادہ جلدی تھی، انہیں ساتھی کی ضرورت تھی، اس لیے انہوں نے شادی کی جو کہ اچھی بات ہے۔

واضح رہے کہ اشش ودیارتھی نے 1980 کے بعد کم عمری میں اداکاری کا آغاز کیا تھا، انہوں نے ہندی اور انگریزی سمیت 11 مختلف زبانوں کی فلموں میں کام کیا ہے۔

بولی وڈ فلموں کے ولن اور برے کردار ادا کرنے والے اشش ودیارتھی نے تامل، تیلگو، کنڑہ، گجراتی اور پنجابی سمیت بھارت کی 10 سے زائد مقامی زبانوں کی فلموں میں کام کیا اور مجموعی طور پر انہوں نے 300 سے زائد فلموں میں اداکاری کی ہے۔

اگرچہ اشش ودیارتھی نے اچھے کردار بھی ادا کیے ہیں، تاہم انہیں برے کرداروں کی وجہ سے شہرت حاصل ہے، اگر وہ کسی فلم میں پولیس افسر بھی بنتے ہیں تو بھی انہیں کرپٹ اور گینگ مافیا کے سہولت کار کے طور پر دکھایا جاتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں