اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

01 جون 2023
ڈپٹی اسپیکر کے مطابق یہ معاہدہ سابق وزیراعظم عمران خان اور گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ خالد خورشید کی موجودگی میں ہوا تھا — فوٹو: ٹوئٹر/ گلگت بلتستان اسمبلی
ڈپٹی اسپیکر کے مطابق یہ معاہدہ سابق وزیراعظم عمران خان اور گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ خالد خورشید کی موجودگی میں ہوا تھا — فوٹو: ٹوئٹر/ گلگت بلتستان اسمبلی

اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی سید امجد علی زیدی نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا، جن کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی گئی تھی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد امجد علی زیدی نے اپنا استعفیٰ گورنر سید مہدی شاہ کوبھیج دیا۔

پارلیمانی پارٹی کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر نذیر احمد کو اسپیکر کے عہدے کے لیے نامزد کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ 30 مئی (منگل) کو گلگت بلتستان میں حکمراں جماعت پی ٹی آئی کے ایک دھڑے نے اسپیکر اسمبلی کے خلاف ’ڈھائی سال بعد استعفیٰ دینے کے معاہدے کا احترام نہ کرنے‘ پر تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی تھی۔

ڈپٹی اسپیکر نذیر احمد نے بتایا تھا کہ 2020 میں ایک معاہدہ ہوا تھا کہ موجودہ اسپیکر امجد نیازی ان کی حمایت میں ڈھائی برس بعد عہدہ چھوڑ دیں گے، لیکن امجد زیدی نے وعدہ نبھانے سے انکار کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ خالد خورشید خان نے امجد زیدی استعفی دینے پر آمادہ کیا تاکہ اقتدار کی تقسیم کے وعدے پر عمل اور اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد سے بچا جاسکے۔

ذرائع نے بتایا کہ گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ نے اسپیکر کا استعفیٰ گورنر کو بھیجا۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے ایک بیان میں بتایا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ پی ٹی آئی گلگت بلتستان نے مشکل حالات میں بھی باہمی اتحاد اور افہام و تفہیم کے ساتھ اپنا یہ اہم انتخابی وعدہ پورا کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سید امجد زیدی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے وعدہ پورا کرنے کے لیے باوقار انداز میں استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ نذیر احمد ایڈووکیٹ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے گلگت بلتستان اسمبلی کے امور کو احسن طریقے سے سرانجام دیں گے اور اچھی جمہوری روایات کو قائم کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں