بابراعظم ٹی 20 میں 10 سنچریاں اسکور کرنے والے دنیا کے دوسرے کھلاڑی بن گئے
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹی 20 کرکٹ میں 10 سنچریاں اسکور کرنے والے دنیا کے دوسرے بلے باز بن گئے۔
کھیلوں کے خبر رساں ادارے ٹین اسپورٹس کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پیر کے روز لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) میں اپنے ٹی 20 کیریئر کی 10ویں سنچری اسکور کی جس کے بعد وہ ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ بلے باز کرس گیل کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے تاریخ کے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔
بابر اعظم نے قومی ٹیم کے انٹرنیشنل ٹی 20 میچوں میں 3 سنچریاں اسکور کر چکے ہیں، اس کے علاوہ وہ وائٹلٹی بلاسٹ اور نیشنل ٹی20 کپ میں دو، دو سنچریاں بالترتیب سمر سیٹ اور سینٹرل پنجاب کے لیے اسکور کر چکے ہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے ایک سنچری پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کے لیے کھیلتے ہوئے اسکور کی، ایک سنچری لیسٹر شائر کے خلاف ٹور میچ جبکہ دسویں ٹی20 سنچری لنکا پریمیئر لیگ میں بنائی۔
دوسری جانب کرس گیل 463 ٹی 20 میچوں میں 22 سنچریوں کے ساتھ سرِفہرست ہیں۔
اس سنچری کے ساتھ ہی بابراعظم لنکا پریمیئر لیگ میں سنچری بنانے والے چوتھے کھلاڑی بن گئے، اس کے علاوہ 28 سالہ بلے باز اب 10 ٹی 20 سنچریاں اسکور کرنے والے ایشیا کے پہلے کرکٹر ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔
بابراعظم کے بعد سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے دوسرے ایشیائی کھلاڑی ہیں جنہوں نے ٹی20 کرکٹ میں آٹھ مرتبہ تین ہندسوں کی اننگز کھیلی۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کولمبو اسٹرائیکرز کے لیے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے گال گلیڈی ایٹرز کے خلاف 176.2 کے اسٹرائیک ریٹ سے 8 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے یہ شاندار سنچری اسکور کی۔












لائیو ٹی وی