اداکارہ ثروت گیلانی ’فرار‘ نامی انٹرنیشنل پروجیکٹ کا حصہ بننے والی ہیں، یہ 6 حصوں پر مشتمل ویب سیریز ہے جس کا پریمیئر 23 ستمبر 2023 کو 14ویں سالانہ شکاگو ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول میں ہوگا۔

امریکی میگزین وارئٹی کی رپورٹ کے مطابق نیویارک میں مقیم پاکستانی ٹیلی ویژن اور فلم ڈائریکٹر مہرین جبار کی ہدایت کاری میں بننے والی اس سیریز میں ’ایک جھوٹی لوو اسٹوری‘ سے شہرت پانے والی اداکارہ مریم سلیم اور ماہا حسن بھی شامل ہیں۔

حال ہی میں انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے ویب سیریز کے پوسٹر کے مطابق اداکارہ ثروت گیلانی اہم کردار ادا کریں گی۔

نیویارک میں مقیم مہرین جبار نے ہدایت کاری کے کام سرانجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی ردا بلال نے تحریر کی ہے۔

کہانی کی واضح تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں البتہ صرف اتنا بتایا گیا ہے کہ یہ سیریز 3 لڑکیوں کے گرد گھومتی ہے جن کی آپس میں گہری دوستی ہوتی ہے، اور آپس میں اپنے تمام راز کی باتیں شیئر کرتی ہیں۔

یہ تینوں لڑکیاں اپنی زندگی بدلنے کے مواقع تلاش کرتی ہیں، ان میں ایک لڑکی سبرینا بیوہ خاتون ہے، وہ اس سیریز میں پیشے کے اعتبار سے ایک ہیئر ڈریسر ہے، سبرینا کو اپنی زندگی میں رشتوں کے حوالے سے مشکلات کا سامنا رہتا ہے، دوسری لڑکی کا نام تانیا ہے جو اداکارہ بننے کی خواہش رکھتی ہیں لیکن باڈی امیج کے مسائل کا شکار ہیں۔

تیسری لڑکی کا نام ہُما ہے جو ایک پرعزم کھلاڑی ہیں جنہیں شادی کے لیے دباؤ کا سامنا ہے، یہ تینوں لڑکیاں ایک ساتھ مل کر سخت محنت کرتی ہیں، اپنے خوابوں کو سچ کرنے کے لیے کراچی کی مصروف سڑکوں کے دھکے بھی کھاتی ہیں۔

یہ 6 حصوں پر مشتمل ویب سیریز ہے جس کا پریمیئر 23 ستمبر 2023 کو 14ویں سالانہ شکاگو ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول میں ہوگا۔

اس سیریز میں معروف بھارتی اسٹوڈیو اور برصغیر پاک و ہند پر توجہ مرکوز کرنے والے پروگرامنگ بلاک ’زندگی‘ کے درمیان اشتراک ہے جن کا مقصد ایسا مواد تیار کرنا ہے جو جنوبی ایشیا کی ثقافت اور مسائل کی عکاسی کرتا ہو۔

کانز ایوارڈ یافتہ اور آسکر ایوارڈ کے لیے شارٹ لسٹ ہونے والی پاکستانی فلم’جوائے لینڈ’ کی زبردست کامیابی کے بعد ثروت گیلانی اب ایک اور پروجیکٹ پر کام کر رہی ہیں۔

ان کی جانب سے یہ نئی کوشش عالمی سطح پر بالخصوص بھارت اور پاکستان کے ناظرین اور مداحوں کو اپنی طرف متوجہ کرنا ہے۔

ثروت گیلانی کا کہنا ہے کہ بطور اداکار ’فرار‘ میں کام کرنے کا تجربہ انتہائی دلچسپ اور ناقابل یقین سفر تھا، یہ سیریز صرف ایک کہانی ہی نہیں بلکہ ہمارے جذبات کی نمائندگی کرتی ہےاور انسانوں کے درمیان گہرے تعلق کی عکاسی کرتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں