بھارتی ریاست مدھیا پردیش میں 12 سالہ لڑکی کا ریپ، مدد مانگنے پر دھتکار دیا گیا

اپ ڈیٹ 28 ستمبر 2023
کانگریس کے رہنما نے کہا کہ ایک چھوٹی لڑکی کا ریپ  انتہائی ظالمانہ اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے— فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
کانگریس کے رہنما نے کہا کہ ایک چھوٹی لڑکی کا ریپ انتہائی ظالمانہ اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے— فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے شہر اجین میں 12 سالہ لڑکی ریپ کا نشانہ بننے کے بعد نیم عریاں حالت میں گھر گھر جا کر مدد کے لیے دوڑتی رہی، جس کے جسم سے خون بہتا رہا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انڈین ایکسپریس نے رپورٹ کیا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متاثرہ بچی تقریباً ایک گھنٹے تک علاقے میں مدد کے لیے پکارتی رہی لیکن کسی نے بھی مدد نہیں کی جبکہ ایک رہائشی نے دھتکار دیا۔

متاثرہ بچی کی یہ ویڈیو بھارت کی جانب سے ایک بل کی منظوری کے ایک ہفتے بعد سامنے آئی ہے، جس کے تحت خواتین کو پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں 33 فیصد نشستیں حاصل کرنے کا اختیار دیا گیا ہے، تجزیہ کار کہتے ہیں کہ تاہم اس کے لیے تکنیکی معاملات کے سبب انہیں ممکنہ طور پر مزید 10 سال تک انتظار کرنا پڑے گا۔

اجین کے پولیس افسر سچن شرما نے کہا کہ طبی معائنے میں بچی سے ریپ کی تصدیق ہوئی ہے، ہم نے خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی ہے اور اس پر کام کر رہے ہیں۔

ایس پی نے کہا کہ ہم عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ اگر انہیں کوئی معلومات ملے تو وہ پولیس کو مطلع کریں۔

پولیس کے مطابق متاثرہ بچی ٹھیک طرح سے نام اور پتا نہیں بتا سکتی، لیکن سی سی ٹی وی فوٹیج تک رسائی حاصل کرلی گئی ہے جس سے وہ یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ بچی وہاں کیسے پہنچی اور کس مقام پر اس کا ریپ کیا گیا۔

پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف زیادتی کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس اس کے خاندان کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہے اور تکنیکی تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں تاکہ گاڑیوں کی نقل و حرکت کا پتا لگانے، لوگوں کو ٹریک کرنے اور مجرموں کو پکڑنے کی کوشش کی جاسکے۔

کانگریس کے رہنما اور مدھیا پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان سے کہا کہ وہ متاثرہ بچی کے لیے ایک کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کرکے ملزمان کو سخت سزا دیں۔

کمل ناتھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ اجین میں ایک چھوٹی لڑکی کا ریپ انتہائی ظالمانہ اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 12 سالہ بیٹی کے ساتھ جس طرح ریپ کیا گیا، اور جس طرح وہ نیم عریاں حالت میں شہر کے کئی علاقوں میں مدد کے لیے دوڑتی رہی اور پھر سڑک پر بے ہوش ہو کر گر گئی، یہ انسانیت کے لیے شرمسار ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں