• KHI: Maghrib 6:12pm Isha 7:27pm
  • LHR: Maghrib 5:39pm Isha 6:59pm
  • ISB: Maghrib 5:43pm Isha 7:05pm
  • KHI: Maghrib 6:12pm Isha 7:27pm
  • LHR: Maghrib 5:39pm Isha 6:59pm
  • ISB: Maghrib 5:43pm Isha 7:05pm

مردان: سیکیورٹی فورسز، سی ٹی ڈی کا آپریشن، کالعدم ٹی ٹی پی کے 4 دہشتگرد ہلاک

شائع August 3, 2024
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں سیکیورٹی فورسز اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی کو ضلع مردان میں ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے 4 دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی۔

دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی نے مردان میں تھانہ چورہ کے حدود میں مشترکہ آپریشن کیا، اس دوران دہشتگردوں کی جانب سے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جوابی کارروائی کے نتیجے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

خیبرپختونخوا میں دہشتگردی سے متعلق رپورٹ

دوسری جانب، خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 1970 سے اب تک 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار وافسران شہید ہوئے۔

سرکاری دستاویز کے مطابق پشاور میں سب سے زیادہ 367 پولیس اہلکار و افسران شہید ہوئے، بنوں میں 239 پولیس اہلکاروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں گنوائیں، جب کہ ڈیرہ اسمٰعیل خان میں 234 ،مردان 121، سوات میں پولیس کے 104 اہلکار شہید ہوئے۔

اس کے علاوہ ، صوبہ بھر میں ایلیٹ فورس کے 111 اہلکاروں نے بھی جام شہادت نوش کی، قبائلی ضلع کرم میں 54 سالوں کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید ہوا، تورغر،کوہستان میں 2،2 قبائلی ضلع مہمند میں 4 پولیس اہلکار شہید ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں قائم تھنک ٹینک پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پیس سٹڈیز (پی آئی پی ایس) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں جون میں پاکستان میں 27 دہشت گرد حملے ریکارڈ کیے گئے، ان حملوں میں سے 21 خیبرپختونخوا اور 6 بلوچستان میں رپورٹ ہوئے، پچھلے ماہ ان حملوں کی تعداد 36 تھی۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور دیگر مقامی طالبان گروپوں نے خیبرپختونخوا میں 21 دہشت گرد حملوں کی ذمہ داری قبول کی، ان حملوں میں 28 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 19 سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اہلکار بھی شامل تھے۔

رپورٹ کے مطابق سیکورٹی فورسز اور انسداد دہشت گردی کے محکموں کی پولیس نے جون میں مبینہ عسکریت پسندوں کے خلاف 5 کارروائیاں کیں، پچھلے مہینے میں یہ تعداد 10 تھی، ان کارروائیوں میں 17 مبینہ عسکریت پسند مارے گئے، اور 3 زخمی ہوئے۔

رپورٹ کردہ 5 میں سے 4 آپریشن خیبرپختونخوا کے اضلاع بنوں اور لکی مروت میں ہوئے، جب کہ ایک آپریشن کراچی میں کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 8 اکتوبر 2024
کارٹون : 7 اکتوبر 2024