عمران خان سیاسی حقیقت ہیں، تسلیم کیے بغیر استحکام نہیں آسکتا، شاہ محمود قریشی
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کسی کو برا لگے یا اچھا لگے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان ایک سیاسی حقیقت ہیں اور سابق وزیر اعظم کی سیاسی حقیقت کو تسلیم کیے بغیر ملک میں سیاسی استحکام نہیں آسکتا۔
انہوں نے یہ بات کوٹ لکھپت جیل لاہور میں 9 مئی کے پرتشدد واقعات سے متعلق اپنے خلاف درج مقدمات میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 40 سال سے سیاست کر رہا ہوں، میرے خلاف 39 سال تک کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا لیکن اب ایک سال میں درجنوں مقدمات ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو برا لگے یا اچھا لگے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان ایک سیاسی حقیقت ہیں، سابق وزیر اعظم کی سیاسی حقیقت کو تسلیم کیے بغیر سیاسی استحکام نہیں آسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواب اکبر بگٹی کے ساتھ جو ہوا، ظلم تھا، اکبر بگٹی اینٹی پاکستان نہیں تھا، ایک دوسرے کو غدار، غدار کہنا بند ہونا چاہیے، 75 سالوں سے غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹے جا رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ محمود اچکزئی جمہوری سوچ رکھنے والے شخص ہیں، جمہوری اور آئینی سوچ رکھنے والا غدار نہیں ہوسکتا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن کا راستہ مذاکرات سے ہو کر گزرتا ہے۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔