سی ٹی ڈی کی لاڑکانہ میں کامیاب کارروائی، 2 دہشت گرد گرفتار
محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) سندھ کے شہر لاڑکانہ میں کامیاب کارروائی کے دوران 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے شہر کو بڑی تباہی سے بچالیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ محکمے نے حساس اداروں کی مدد سے کارروائی کی اور 2 دہشتگردوں کو گرفتارکرلیا۔
ڈی ایس پی سی ٹی ڈی سید اصفرشاہ نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم ایس آر اے سے ہے، گرفتار دہشت گردوں کی شناخت جمیل شیخ اور صلاح الدین جتوئی کےنام سے ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دہشتگردوں کو سم شاخ کےعلاقےسےخفیہ اطلاع پر گرفتارکیا گیا، گرفتار دہشت گردوں نے یوم آزادی کے موقع پر مرکزی تقریب اور جیل کو بم سے اڑانے کی پلاننگ کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں دہشت گردوں نے 2 ماہ قبل اے ایس پی آفس پر بھی دستی بم سے حملہ کیا تھا، گرفتار دہشتگردوں سے 350 گرام دھماکا خیزمواد، 6 ڈیٹونیٹر، ایک ہینڈ گرنیڈ سیفٹی فیوز، تارنٹ بولٹ، کالا پاوڈر برآمد ہوا ہے۔
ڈی ایس پی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتاردہشتگردوں کو افغانستان کے علاقے قندھار میں 15 روز کی تربیت بھی دی گئی تھی، گرفتاردہشتگردوں کیخلاف4مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔