بلوچستان میں احتجاج کے نام پر بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، سرفراز بگٹی
وزیر اعلٰی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں احتجاج کے نام پر بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔
کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان بھر میں عظیم الشان طریقے سے یوم آزادی منایا گیا، میں پورےپاکستان کو آزادی کی مبارکباد دیتا ہوں، ڈپٹی وزیراعظم اسحق ڈار نے ہمارے ساتھ آزادی کی خوشیاں منائیں، ہم نے 21 نادرا کے سینٹرز کا افتتاح بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں، ڈپٹی کمشنر کے قتل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ڈی سی پنجگور کو بے دردی سےشہید کردیا گیا، ہم شہید ڈی سی کے بچوں کےتعلیمی اخراجات برداشت کریں گے، شہید ڈی سی کی اہلیہ کو بھی سرکاری نوکری دیں گے، ہم شہدا کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ہماری حکومت اصلاحات کےایجنڈے پر کام کررہی ہے۔