مریم نواز کے مقابلے ہم زیادہ مہنگے کپڑے پہنتے ہیں، عظمیٰ بخاری

شائع August 15, 2024 اپ ڈیٹ August 16, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ایک بار پھر کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اپنے ماتحت وزیروں کے مقابلے میں سستے اور سادے کپڑے پہنتی ہیں جب کہ ان کی شخصیت ایسی ہے کہ ان پر ہر طرح کا لباس جچتا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے حال ہی میں سما ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ایک بار پھر مریم نواز کی جانب سے سستے اور سادے لان سوٹ پہننے کی اپنی ماضی کی بات کا دفاع کیا۔

وزیر اطلاعات پنجاب سے جب پوچھا گیا کہ اتنے سستے یعنی 800 کا لان کا جوڑا کہاں ملتا ہے؟ تو اس پر انہوں نے جواب دیا کہ لاہور کے ہر بازار میں سستے کپڑے مل جاتے ہیں۔

عظمیٰ بخاری کے مطابق اچھرا مارکیٹ سمیت انار کلی بازار سے بھی 800 کے لان سوٹ مل جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے کہنے کا مطلب یہ تھا کہ مریم نواز کی شخصیت ایسی ہے کہ وہ جس طرح کا بھی لباس پہنتی ہیں، ان پر جچتا ہے۔

عظمیٰ بخاری کے مطابق مریم نواز سفید شلوار کے ساتھ سادہ لان کا کُرتا پہن کر کوئی بھی سستا دوپٹا پہنتی ہیں تو بھی وہ اچھی اور خوبصورت لگتی ہیں، ان کے لیے کوئی مسئلہ نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب بننے سے قبل بھی وہ اچھا لباس پہنتی تھیں لیکن اب وہ زیادہ بہتر، سادہ اور سستا لباس پہننے لگی ہیں، ان پر ہر طرح کا لباس سجتا ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ یہ بات ماننی پڑے گی کہ مریم نواز جو بھی پہنتی ہیں، وہ فیشن بن جاتا ہے اور اسے تسلیم کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں کئی بار ایسا لگتا ہے کہ انہوں نے مریم نواز کے مقابلے میں زیادہ مہنگے کپڑے پہنے ہوئے ہیں، وہ اتنے سستے اور سادہ کپڑے پہنتی ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے مسکراتے ہوئے کہا کہ مریم نواز عام، سادہ سے پھولوں والی قمیض پہنتی ہیں اور اب کابینہ میں شامل دوسری خواتین بھی پھولوں والی قمیضیں پہننے لگی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ ایسا بالکل نہیں کہ مریم نواز کبھی بھی مہنگے کپڑے نہیں پہنتیں، وہ مواقع دیکھ کر لباس کا انتخاب کرتی ہیں، کبھی کسی موقع پر مہنگے کپڑے بھی پہنتی ہیں۔

اس سے قبل اپریل میں عید کے موقع پر ایک ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے حیران کن دعویٰ کیا تھا کہ عام طور پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز 500 سے 800 روپے میں ملنے والا لان کا جوڑا خرید کر پہنتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024