• KHI: Maghrib 6:36pm Isha 7:52pm
  • LHR: Maghrib 6:08pm Isha 7:30pm
  • ISB: Maghrib 6:14pm Isha 7:38pm
  • KHI: Maghrib 6:36pm Isha 7:52pm
  • LHR: Maghrib 6:08pm Isha 7:30pm
  • ISB: Maghrib 6:14pm Isha 7:38pm

فردوس جمال نے ہمایوں سعید کے لیے برے الفاظ استعمال کیے، نادیہ خان

شائع September 3, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

معروف اداکارہ و ٹی وی میزبان نادیہ خان نے کہا ہے کہ سینیئر اداکار فردوس جمال نے ہمایوں سعید کے لیے جو ٹی وی شو میں الفاظ کہے، وہ انتہائی برے تھے، انہیں ایسے الفاظ استعمال نہیں کرنے چاہیے تھے۔

نادیہ خان نے حال ہی میں ”کیا ڈراما ہے“ شو میں فردوس جمال کی جانب سے ہمایوں سعید کے لیے استعمال کیے جانے والے الفاظ پر بھی بات کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ پوڈکاسٹس میں اداکاروں کو پھنسایا جاتا ہے، ان سے جان بوجھ کر ایسے سوالات کیے جاتے ہیں کہ وہ کچھ نہ کچھ غلط بول دیتے ہیں۔

ان کے مطابق پہلے ٹی وی شوز میں ایسا نہیں ہوتا تھا لیکن اب میزبان زیادہ ویوز سے پیسے کمانے کے چکر میں اداکاروں یا مہمانوں کو سوالات کرکے پھنسا دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹی وی شوز میں اچھی باتیں یا چیزیں وائرل نہیں ہوتیں، اس لیے وہ ایسے سوالات کرکے وائرل ہونے والا مواد تخلیق کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کل کے ٹی وی شوز اور پوڈکاسٹس میں ایک دم سے میزبان سوال کرتے ہیں کہ فلاں آرٹسٹ کے بارے میں آپ کیا سوچتے یا کہتے ہیں؟

نادیہ خان کا کہنا تھا کہ ٹی وی شوز اور پوڈکاسٹس کے میزبانوں کے عجیب سوالات کی وجہ سے اب انہوں نے ایسے شوز میں جانا بند کردیا ہے اور وہ ایسے شوز میں جانے سے کتراتی ہیں۔

ان کے مطابق ٹی وی شو میں فردوس جمال نے ہمایوں سعید کے لیے جو الفاظ کہے، وہ بہت برے تھے، ایسے الفاظ گھر میں تو بولے جا سکتے ہیں لیکن ٹی وی شو میں نہیں بولے جا سکتے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہمایوں سعید کے بہت سارے مداح ہیں، فردوس جمال کے ایسے الفاظ پر انہیں دکھ پہنچا جب کہ ذاتی طور پر انہیں بھی برا لگا کہ انہوں نے دوسرے اداکار کے لیے ایسے الفاظ کہے۔

انہوں نے کہا کہ اتنی عمر میں انسان سیکھ جاتا ہے کہ انہیں کس طرح کے الفاظ بولنے چاہیے۔

نادیہ خان نے تمام اداکاروں کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پوڈکاسٹ پھنسانے کا طریقہ ہیں، اس لیے ایسے پوڈکاسٹس سے ہوشیار رہیں۔

انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ انہیں ہر ماہ 5 سے 6 پوڈکاسٹس میں شرکت کی دعوت ملتی ہے لیکن وہ وہاں نہیں جانا چاہتی، اس میں سے بعض پوڈکاسٹرز ایسے ہیں جو بار بار انہیں آنے کی پیش کش کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ فردوس جمال نے کچھ دن قبل ایک ٹی وی شو میں ہمایوں سعید کو شوبز کا ڈاکو قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اپنے وسائل کو استعمال کرکے دوسرے لوگوں کو آگے آنے نہیں دیتے اور اگر وہ سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار ہیں تو معاوضہ تو ”طوائف“ بھی لیتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 ستمبر 2024
کارٹون : 13 ستمبر 2024