چین میں قومی دن کے موقع پر چاقو کا حملہ، 3 افراد ہلاک، 15 زخمی
چین کے شہر شنگھائی میں قومی دن کے موقع پر ایک ہفتے کی تعطیلات سے ایک دن قبل سپر مارکیٹ میں چاقو کے حملے میں 3 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سونگ جیانگ ضلع کی مقامی پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 37 سالہ حملہ آور لِن کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق لن اپنے مالی تنازع کا غصہ نکالنے کے لیے شنگھائی گیا تھا۔
یہ چاقوحملہ چین کے قومی دن ’گولڈن ویک‘ سے ایک دن پہلے کیا گیا، جس دوران مسافروں کی تعداد میں اضافے کی توقع ہے۔
چین میں برسوں کے دوران سرعام چاقو مارنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، حکام اس حوالے سے ذہنی بیماری کو ذمہ دار ٹھہراتے ہیں جبکہ اسکولوں میں بچے عام ہدف ہوتے ہیں۔
ستمبر میں ایک 10 سالہ جاپانی طالب علم کو جنوبی چینی شہر شینزین میں اس کے اسکول سے میٹر کے فاصلے پر ایک حملہ آور نے چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا تھا۔