نوری آباد پاور پروجیکٹ ریفرنس میں مراد علی شاہ سمیت تمام ملزمان بری
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نوری آباد پاور پروجیکٹ ریفرنس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت تمام ملزمان کو بری کردیا۔
ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر کے خلاف ریفرنس کی سماعت کی۔
ملزمان کے وکیل بیرسٹر قاسم نواز عباسی عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے چیئرمین نیب کی ریفرنس واپس لینے کی درخواست منظور کرلی۔
عدالت نے چیئرمین نیب کی ریفرنس واپس لینے کی درخواست منظور کرتے ہوئے تمام ملزمان کو بری کردیا۔
واضح رہے کہ یہ ریفرنس جعلی اکاؤنٹس کیس کا حصہ ہے جس میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے اور قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نوری آباد پاور پلانٹ کے لیے فنڈز جاری کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔
نوری آباد پاور پلانٹ کا منصوبہ 2014 میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 13 ارب روپے کی لاگت سے شروع کیا گیا تھا جس میں سندھ حکومت کے 49 فیصد شیئرز ہیں اور ایک نجی کمپنی کے پاس بقیہ 51 فیصد شیئرز ہیں۔
یہ بھی الزام ہے کہ سابق وزیراعلیٰ سندھ نے مبینہ طور پر سابق صدر مملکت آصف زرداری کے قریبی دوست انور مجید کی زیر ملکیت اومنی گروپ آف کمپنیوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے سندھ کابینہ سے حقائق چھپائے اور اسے گمراہ کیا۔
ان پر الزام ہے کہ انہوں نے کمپنیوں کو 3 ارب روپے کا قرض بھی جاری کیا۔
ریفرنس کے مطابق نوری آباد پاور پلانٹ کا منصوبہ مبینہ طور پر اومنی گروپ کے ’کالے دھن‘ کو سفید کرنے کے لیے بنایا گیا تھا۔
اس وقت مراد علی شاہ اس وقت کے صوبے کے وزیر اعلیٰ کے مشیر خزانہ و توانائی تھے۔
مراد علی شاہ اور انور مجید کے علاوہ 16 دیگر افراد بھی ریفرنس میں نامزد ہیں۔
جولائی میں سید مراد علی شاہ نے اپنے خلاف کیس سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوری آباد پاور پلانٹ اپنے فنکشنل ہونے کے بعد سے کراچی کو 100 میگاواٹ سستی بجلی فراہم کر رہا ہے۔