ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم تین روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے

شائع October 2, 2024
— فائل فوٹو:
— فائل فوٹو:

ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم تین روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے۔

سرکاری ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ملائیشیا کے رہنما اپنے پاکستانی ہم منصب شہبازشریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔

قبل ازیں، دفتر خارجہ کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ ملائیشیا کے وزیر خارجہ محمد حسن اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گئے ہیں، جہاں ایڈیشنل سیکریٹری عمران احمد صدیقی نے ان کا استقبال کیا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم انور ابراہیم کے ہمراہ وزرا، نائب وزرا اور اعلی حکام پر مشتمل اعلی سطح کا وفد بھی ہوگا، جو وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔

مزید بتایا کہ فریقین تجارت، روابط، توانائی، زراعت، حلال صنعت، سیاحت، ثقافتی وفود کے تبادلوں اور عوامی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں پاک ملائیشیا تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے وسیع ایجنڈے پرتبادلہ خیال کریں گے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق پاکستان اور ملائیشیا کے وزیراعظم علاقائی اورعالمی امور پر بھی بات چیت کریں گے ۔

مزید بتایا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تاریخ، ثقافت اور عقیدے پر مبنی مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں، یہ دورہ دونوں برادر ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے درمیان آخری ملاقات رواں برس اپریل میں سعودی عرب میں ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس کے موقع پر ہوئی تھی۔

شہباز شریف نے رواں سال 8 فروری کے عام انتخابات میں دوبارہ منتخب ہونے پر اپنے ملائیشین ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024