• KHI: Zuhr 12:25pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:25pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 3:22pm

وزیر اعظم نے غذر میں سیلاب متاثرین کیلئے ماڈل ویلج کا افتتاح کر دیا

شائع November 6, 2024
فوٹو:ڈان نیوز
فوٹو:ڈان نیوز
فوٹو:ڈان نیوز
فوٹو:ڈان نیوز
فوٹو:ڈان نیوز
فوٹو:ڈان نیوز

وزیر اعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں 2022 کے سیلاب سے متاثرہ گاؤں میں متاثرین کے لیے بوبر ماڈل ویلج کا افتتاح کر دیا۔

غذر کے گاؤں بوبرمیں 2022 کے سیلاب کے باعث تباہ ہونے والی بستی کی جگہ نئے ماڈل ویلیج کے افتتاح اور متاثرین کو نو تعمیر شدہ گھروں کے ملکیتی کاغذات دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ اگست 2022 میں یہاں آئے تھے جہا ں ہر طرف سیلاب کے بعد تباہی کے مناظر تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں تباہ کن سیلاب اور بارشوں نے پورے گاؤں کو زمین بوس کر دیاتھا، آج یہاں نئی بستی تعمیر کی جاچکی ہے، متاثرہ خاندانوں کو ان کے گھروں کے ملکیتی کاغذات دیے جا چکے ہیں۔

وزیراعظم نے متاثرین کی بحالی، آباد کاری اور تعمیر نو پر متعلقہ اداروں اور حکام کو شاباش دی اور ہدایت کی کہ نئے تعمیر شدہ گھروں کو موسم سرما میں رہنے کے قابل بنانے کا انتظام کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماڈ ل ویلج کے معیار کو جانچنے کے لیے کسی تیسرے فریق سے توثیق کرائے بغیر ادائیگیاں نہ کی جائیں اور اسکول، ڈسپنری اور کھیل کے میدان سمیت تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں۔

وزیر اعظم نے ڈسپنسری میں الٹراساؤنڈ، ایکسرے اور زچگی سمیت تمام ضروری سہولیات فوری فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے بتایا کہ انہوں نے سیلاب متاثرہ بچی قندیل کے لئے 50 لاکھ روپے کے انڈوومنٹ فنڈ کا اعلان کیاتھا ، آج وہ فنڈ 67 لاکھ تک پہنچ چکاہے۔

وزیراعظم نے متاثرین کو ان کےگھروں کے الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کیے، قبل ازیں وزیراعظم نے بوبر ماڈل ویلج کاافتتاح کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم کو نئے تعمیر شدہ گھروں میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور معیار کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ یہ ماڈل ویلج 110 کنال اراضی پر تعمیر کیا گیا ہے جس میں 62 گھر ہیں۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 216 کلومیٹر گلگت شندور شاہراہ بھی تعمیر کی جا رہی ہے، وزیر اعظم نے اس منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی دلبر خان نے مشکل اور آزمائش کی گھڑی میں گلگت بلتستان کی عوام کی مدد کرنے پر وزیر اعظم اور وفاقی حکومت کا شکریہ اداکیا، اس موقع پر وفاقی وزرا اور اراکان اسمبلی بھی موجود تھے۔

وزیراعظم سے گورنر اور وزیر اعلی گلگت بلتستان کی ملاقاتیں

وزیراعظم سے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے الگ الگ ملاقات کی، وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں گلگت بلتستان کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

گورنر و وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے وزیراعظم کو ملک میں حالیہ معاشی استحکام پر خراج تحسین پیش کیا، دونوں رہنماؤں نے گلگت بلتستان میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کے سنگ بنیاد و افتتاح پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان کی عوام کی فلاح وبہبود کے لیے ان ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہاکہ وفاقی حکومت، گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی وخوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل ہے، اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے وزیر اعظم کو روایتی چوغہ اور ٹوپی کا تحفہ پیش کیا۔

کارٹون

کارٹون : 10 دسمبر 2024
کارٹون : 9 دسمبر 2024