آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے شیڈول کا اعلان
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کی تاریخوں اور وینیوز کا اعلان کر دیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق ویمنز ورلڈ کپ 30 ستمبر سے 2 نومبر تک بھارت اور سری لنکا کے 5 مختلف مقامات پر ہوگا جن میں بھارت کے بنگلورو،اندور، گوہاٹی، وشاکھا پٹنم اور سری لنکا کا شہر کولمبو شامل ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ٹورنامنٹ 30 ستمبر سے 2 نومبر تک بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا، ایونٹ کا افتتاحی میچ 30 ستمبر کو بھارت کے شہر بنگلور میں کھیلا جائے گا۔
اسی طرح، ویمنز ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل 29 اکتوبر کو گوہاٹی یا کولمبو میں کھیلا جائے گا، دوسرا سیمی فائنل 30 اکتوبر کو بنگلور میں ہوگا جب کہ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 2 نومبر کو بنگلور یا کولمبو میں شیڈول ہے۔
آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ میں بھارت، پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ویمنز ٹیم ایونٹ میں اپنے تمام میچز کولمبو سری لنکا میں کھیلے گی جب کہ پاکستان ویمنز ٹیم کے سیمی فائنل یا فائنل میں پہنچنے کی صورت میں بھی میچز سری لنکا میں ہوں گے۔
دوسری جانب، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ معاہدے کے مطابق پاکستان ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہیں جائے گی اور ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم معاہدے کے مطابق ہی کھیلے گی۔