سکندر رضا نسلی تعصب کا شکار، شکایت پر مقامی کوچ معطل
پاکستانی نژاد زمبابوین کرکٹر سکندر رضا کو ویجن کپ کے دوران نسلی تعصب کا نشانہ بنایا گیا جس پر آل راؤنڈر نے ہرارے میٹروپولیٹن کرکٹ ایسوسی ایشن (ایچ ایم سی اے) کو مقامی کوچ بلیسنگ مافوا کے خلاف درخواست جمع کروائی جس پر انہیں معطل کردیا گیا۔
کھیلوں کی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب سکندر رضا رینبو کرکٹ کلب کے خلاف اولڈ ہراریئنز کی نمائندگی کر رہے تھے، آل راؤنڈر بلے بازی کے بعد میدان سے باہر جا رہے تھے اِس دوران مقامی کوچ بلیسنگ مافوا نے انھیں نامناسب جملے کہے۔
کرک انفو کو چیئرمین ایچ ایم سی اے تافدضوا مادورو نے تصدیق کی کہ اُنھیں سکندر رضا کو نسلی تعصب کا نشانہ بنائے جانے کی شکایت موصول ہوئی ہے اور اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
مقامی کوچ بلیسنگ مافوا اپنے اوپر عائد الزامات کے حوالے سے 10 جون کی سماعت میں اپنا مؤقف پیش کریں گے، تاہم اس دوران وہ کرکٹ کی تمام سرگرمیوں سے معطل رہیں گے۔
تافدضوا مادورو نے مزید کہا کہ ہم اس طرح کے الزامات کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہیں، ہرارے میٹروپولیٹن کرکٹ ایسوسی ایشن میں نسلی تعصب کی کوئی گنجائش نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ اس معاملے کی جلد از جلد تحقیقات مکمل ہوں۔
آل راؤنڈر سکندر رضا نے بتایا کہ مجھے امید ہے اس معاملے کی مکمل تحقیقات ہوں گی، اگر مقامی پر الزامات ثابت ہوتے ہیں تو انھیں اس کی سزا ملنی چاہیے تاکہ دوبارا اس طرح کی واقعہ پیش نہ آئے۔
اولڈ ہراریئنز نے اس ایک روزہ میچ میں سکندر رضا کی 56 گیندوں پر 78 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت رینبو کرکٹ کلب کیخلاف 9 وکٹوں کے نقصان پر 402 رنز بنائے۔
جس کے جواب میں رینبو کرکٹ کلب کی ٹیم 39 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پرصرف 225 رنز بنا سکی، ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت اس میچ میں رینبو کرکٹ کلب کو 142 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ سکندر رضا نے پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 2025 کے فائنل مقابلے میں جارحانہ بلے بازی کی بدولت لاہور قلندرز کو فاتح بنانے میں اہم کردا ادا کیا تھا، سکندر رضا کا فرنچائز کرکٹ میں انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 کے بعد یہ دوسرا ٹائٹل تھا۔