حکومت سندھ کا عبدالستار ایدھی پر فلم بنانے کا اعلان

شائع June 20, 2025
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

حکومت سندھ نے تصدیق کی ہے کہ وہ فلم سازوں کے ساتھ مل کر معروف مرحوم سماجی رہنما عبد الستار ایدھی کی زندگی پر فلم بنانے پر کام کر رہی ہے۔

سندھ کے سینئر صوبائی وزیر اور وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کراچی میں ہونے والے ایک فلم فیسٹیول میں خطاب کے دوران عبد الستار ایدھی کی زندگی پر فلم بنانے کی تصدیق کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بھارت کی مثال دی اور بتایا کہ بھارت فلموں کے ذریعے پروپیگنڈہ کرکے اپنا بیانیہ دنیا بھر میں پنچاتا ہے لیکن ہمارے پاس فلموں کو اتنی زیادہ ترجیح نہیں دی جاتی۔

صوبائی وزیر کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ کے بعد بھارت مذکورہ واقعے پر 100 فلمیں بنانے جا رہا ہے لیکن اس ضمن میں پیچھے ہیں۔

شرجیل میمن نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بیشمار کہانیاں اور موضوعات ایسے ہیں، جن پر فلمیں بننی چاہیے۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ ملکی ہیروز اور مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والی شخصیات پر فلمیں بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات سندھ فلم ساز ستیش آنند کے ساتھ مل کر معروف سماجی رہنما عبد الستار ایدھی کی زندگی پر فلم بنا رہا ہے۔

ان کے مطابق عبد الستار ایدھی کو پاکستان میں ہر کوئی جانتا ہے لیکن نئی اور آنے والی نسل کی ان سے شناسائی کم ہوگی، اس لیے ایسی شخصیات کی زندگی پر فلم بنا کر انہیں نئی نسل کے ساتھ روشناس کروانا ہماری ذمہ داری ہے۔

اگرچہ شرجیل انعام میمن نے عبد الستار ایدھی کی زندگی پر فلم بنائے جانے کی تصدیق کی، تاہم انہوں نے اس ضمن میں مزید کوئی معلومات فراہم نہیں کی۔

واضح رہے کہ ایدھی فاؤنڈیشن کے بانی عبدالستار ایدھی طویل علالت کے بعد جولائی 2019 میں 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 6 جولائی 2025
کارٹون : 5 جولائی 2025