انجلین ملک کینسر کے علاج کے لیے ترکیہ منتقل

شائع June 21, 2025
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

کینسر سے جنگ لڑنے والی اداکارہ، ماڈل و ہدایت کارہ انجلین ملک نے بتایا ہے کہ وہ مزید علاج کے لیے ترکیہ منتقل ہوگئی ہیں۔

انجلین ملک نے فروری 2025 میں انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔

بعد ازاں انہوں نے سر کے بال منڈوالیے تھے جب کہ سر کے بالوں کے بغیر بھی وہ ریمپ پر واک کرتی دکھائی دی تھیں۔

کینسر کی تشخیص کے بعد انجلین ملک نے اپنا ابتدائی علاج ممکنہ طور پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں کروایا، جہاں ان کی کیموتھراپی اور سرجری بھی کی گئی۔

اداکارہ نے مئی میں بتایا تھا کہ ان کی 6 کیموتھراپی مکمل ہوچکیں جب کہ ان کا مزید علاج جاری ہے، اس سے قبل انہوں نے سرجری سے متعلق بھی مداحوں کو آگاہ کیا تھا۔

رواں ماہ جون کے آغاز میں انہوں نے اپنی نئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے دعائیں کرنے پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا تھا اور بتایا تھا کہ دعاؤں سے فرق پڑتا ہے، انہیں دعاؤں سے بیماری میں تقویت ملی اور موذی مرض سے لڑنے کے قابل ہوئیں۔

بعد ازاں انجلین ملک نے انسٹاگرام پر اپنی مزید تصاویر بھی شیئر کی تھیں، جن میں انہیں پہلے کے مقابلے زیادہ خوش دیکھا گیا۔

اب انہوں نے بتایا ہے کہ وہ بیماری کے مزید علاج کے لیے ترکیہ جا رہی ہیں۔

انجلین ملک نے انسٹاگرام پر ایئرپورٹ پر کھچوائی گئی اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کینسر کے مزید علاج کے لیے ترکیہ منتقل ہو رہی ہیں، انہیں مداحوں کی مزید دعاؤں کی ضرورت ہے۔

اداکارہ نے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کی، تاہم انہوں نے بیماری یا اس کے مزید علاج سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی۔

ان کی پوسٹ پر شوبز شخصیات سمیت مداحوں نے کمنٹس کرتے ہوئے ان کے لیے دعائیں کیں۔

کارٹون

کارٹون : 16 جولائی 2025
کارٹون : 15 جولائی 2025