سلمان خان کا تین سنگین اعصابی امراض میں مبتلا ہونے کا انکشاف
بولی وڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان نے اپنی تین سنگین اعصابی بیماریوں کا انکشاف کرکے اپنے کروڑوں مداحوں کو پریشان کردیا۔
بھارتی شوبز ویب سائٹ کے مطابق سلمان خان حال ہی میں نیٹ فلیکس پر نشر ہونے والے ’دی گریٹ انڈین کپل شرما شو‘ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے متعدد معاملات پر کھل کر بات کی۔
’دی کپل شرما شو‘ کے نئے سیزن کی پہلی قسط میں سلمان خان مہمان بنے اور انہوں نے اپنی عمر بتانے کے علاوہ شادی نہ کرنے سمیت شاہ رخ اور عامر خان سے دوستی اور مقابلے سے متعلق بھی بات کی۔
سلمان خان نے بتایا کہ ان کی عمر 59 برس ہو چکی ہے، اب وہ جوان لڑکوں کی طرح لڑکیوں سے محبت نہیں کر سکتے، نہ ان میں جوان لڑکوں جیسی طاقت رہی ہے۔
انہوں نے عامر خان کی نئی گرل فرینڈ پر بھی لب کشائی کی اور کہا کہ وہ مسٹر پرفیکشنسٹ ہیں، جب تک وہ شادی کو پرفیکٹ نہیں کر لیتے، تب تک وہ ایسے ہی کرتے رہیں گے۔
شادی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کی شادی کرنے سے دوسروں کو کیا فائدہ ہوگا؟ ساتھ ہی کہا کہ شادی جب طلاق پر ختم ہوتی ہے تو عورت طلاق کے ساتھ ساتھ آدھی دولت بھی لے جاتی ہے۔
انہوں نے اسی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ شادی نہیں کی، ہڈیاں روز تڑواتے ہیں، پھر بھی جی رہے ہیں، چل رہے، ساتھ ہی انہوں نے اسی دوران اپنی سنگین بیماریوں کا ذکر بھی کیا۔
سلمان خان نے کہا کہ ’ٹرائی جیمینل نیورالجیا‘ (Trigeminal neuralgia) ’برین اینیورزم‘ (Brain Aneurysm) اور (Arteriovenous malformation) (اے وی ایم) کا شکار ہیں لیکن اس باوجود زندگی گزار رہے ہیں۔
دبنگ ہیرو نے اپنی سنگین بیماریوں کا ذکر مسکراتے ہوئے کیا، ان کی بات پر کپل شرما اور پروگرام کے دیگر مہمان بھی حیران ہوگئے۔
سلمان خان کو لاحق بیماریاں کیا ہیں؟
ٹرائی جیمینل نیورالجیا
دبنگ ہیرو کو تین سنگین نیورولاجیکل بیماریاں، ان میں سب سے کم خطرناک ٹرائی جیمینل نیورالجیا ہے جو کہ دراصل دیگر نیورولاجیکل مسائل کی وجہ سے بھی ہوسکتی ہے۔
اس بیماری کو ٹی این بھی کہا جاتا ہے، جس میں چہرے کی ایک سائیڈ آنکھوں کے اوپر سے لے کر نیچے گردن تک شدید درد کا شکار بن جاتی ہے۔
اس بیماری میں نیورونز درست کام نہیں کرتے، جس وجہ سے انسانی نیورونز کے بجلی کے جھٹکے لگتے ہیں جو ایک منٹ سے لے کر 5 منٹ کے دورانیے تک بھی چل سکتے ہیں۔
اس بیماری کے دوران دانتوں کو برش کرنا، ٹھنڈا یا گرم کھایا اور پیا بھی نہیں جا سکتا جب کہ بجلی کی طرح کے جھٹکوں کے درد لامحدود مدت تک بھی چل سکتے ہیں، تاہم بعض افراد میں یہ مسئلہ ایک سے دو ہفتے تک بھی رہتا ہے، پھر طویل عرصے تک ٹھیک ہوجاتا ہے۔
برین اینیورزم
یہ ایک سنگین نیورولاجیکل بیماری ہے، جس میں دماغ کے اندر کی مرکزی شریان کمزور ہوجاتی ہے یا پھر وہ دباؤ کی وجہ سے پھول جاتی ہے۔
اگر مذکورہ شریان مسلسل پھولی رہی یا اس پر دباؤ برقرار رہا تو وہ پھٹ بھی سکتی ہے، اس کے پھٹنے سے برین ہیمبرج ہوتا ہے جو کہ عمومی طور پر جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔
اے وی ایم
سلمان خان کو لاحق تیسری بیماری بھی سنگین ہے جو کہ دماغ او ریڑھ کی ہڈی میں تعلق برقرار رکھنے والی شریانوں میں خون کی ترسیل کرنے والے نطام کی خرابی ہے، اگر اس کی خرابی مسلسل رہی یا بڑھ گئی تو ریڑھ کی ہڈی اور دماغ کا رابطہ منقطع ہو سکتا ہے۔
ریڑھ کی ہڈی اور دماغ کی شریانوں کے خون کے نظام یعنی بلڈ وسلز کی خرابی سے سنگین فالج ہونے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔