اسحٰق ڈار پاکستان-یو اے ای مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں شرکت کیلئے امارات پہنچ گئے
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار پیر کے روز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پہنچے ہیں، جہاں وہ ابوظہبی میں منعقد ہونے والے پاکستان-یو اے ای مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) کے بارہویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔
یہ اجلاس 12 سال سے زائد کے وقفے کے بعد کچھ تاخیر سے منعقد ہو رہا ہے، جب کہ اس کا انعقاد اکتوبر 2024 میں ہونا طے تھا، اس سے قبل آخری اجلاس 6 تا 7 نومبر 2013 کو اسلام آباد میں ہوا تھا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں پاکستان کے وفد کی قیادت اسحٰق ڈار کریں گے، جب کہ اجلاس 24 جون کو منعقد ہوگا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مشترکہ وزارتی کمیشن پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دو طرفہ تعاون کا اعلیٰ ترین ادارہ جاتی پلیٹ فارم ہے، کل ہونے والا اجلاس دونوں برادر ممالک کے درمیان تذویراتی، اقتصادی اور ترقیاتی تعاون کو فروغ دینے کے ایجنڈے کو آگے لے کر چلے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق، وفد میں اہم وزارتوں جیسے اقتصادی امور، تجارت، توانائی، میری ٹائم افیئرز اور داخلہ کے سیکرٹریز اور سینئر حکام شامل ہوں گے۔
یو اے ای کی جانب سے اس اجلاس کی قیادت شیخ عبداللہ بن زاید النہیان، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کریں گے، جن کے ہمراہ متعلقہ اماراتی اداروں کی اعلیٰ سطحی نمائندگی بھی ہوگی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اجلاس کے دوران مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کی پیش رفت پر بات چیت کی جائے گی، اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفرا اسٹرکچر کی ترقی اور آئی ٹی کے شعبوں میں نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔
اجلاس کے دوران کئی قانونی معاہدے متوقع ہیں، جن سے شعبہ جاتی تعاون کو ادارہ جاتی شکل دی جا سکے گی۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ یہ اجلاس دونوں فریقین کے لیے اپنی اقتصادی ترجیحات کو ہم آہنگ کرنے اور باہمی فائدے کی شراکت داری کے دائرہ کار کو بڑھانے کی صلاحیت کو کھولنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔
اسحٰق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی لکھا کہ وہ جے ایم سی اجلاس میں پاکستان کے وفد کی قیادت کے لیے یو اے ای پہنچ چکے ہیں۔
متحدہ عرب امارات، چین اور امریکا کے بعد پاکستان کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے، جہاں ایک ملین سے زائد پاکستانی مقیم ہیں، اور یہ سعودی عرب کے بعد پاکستان کو ترسیلات زر بھیجنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔
پاکستان کے متحدہ عرب امارات میں سفیر، فیصل ترمذی نے بتایا کہ مالی سال 24-2023 کے دوران پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دوطرفہ تجارت (اشیا اور خدمات سمیت) 10 ارب 90 کروڑ امریکی ڈالر سے تجاوز کر گئی تھی۔
اسی ماہ کے آغاز میں، وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک روزہ سرکاری دورے کے دوران یو اے ای کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی تھی، جس میں دو طرفہ اور علاقائی امور پر بات چیت کی گئی ۔
یہ اعلیٰ سطح کی ملاقات پاکستان کی ان دوست ممالک کے لیے تشکر کا اظہار تھی، جنہوں نے حالیہ بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران اسلام آباد کے مؤقف کی حمایت کی تھی۔