لاہور: معروف ٹک ٹاکر کو محرم میں اسلحے کی نمائش مہنگی پڑگئی، 13 گارڈز سمیت گرفتار

شائع July 3, 2025
— فوٹو: ایکس
— فوٹو: ایکس

لاہور پولیس کے کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے بدھ کو معروف ٹک ٹاکر اور اس کے 13 سیکیورٹی گارڈز کو سرعام اسلحہ کی نمائش کے الزام میں گرفتار کر لیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق محرم کے دوران شہر میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے حکومتِ پنجاب کی جانب سے نافذ دفعہ 144 کی صریح خلاف ورزی پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

سی سی ڈی ذرائع کے مطابق ٹک ٹاکر کاشف ضمیر مسلح گارڈز کے ہمراہ ڈبل کیبن گاڑی میں لاہور کی ایک شاہراہ پر سفر کر رہا تھا، اس کی ٹیم نے ویڈیوز بنائیں جن میں گارڈز کو اسلحے کی نمائش کرتے دکھایا گیا اور یہ کلپس سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس طرح کا رویہ عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کا باعث بنتا ہے۔

سی سی ڈی کے ایک اہلکار کے مطابق پولیس نے چھاپہ مار کر ٹک ٹاکر کو گرفتار کیا اور اس کے گارڈز سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا، جب کہ ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

اہلکار نے مزید بتایا کہ پولیس کو ایسی ویڈیوز بھی ملی ہیں جن میں کاشف ضمیر کو شہر کی مختلف سڑکوں پر اپنے بھاری اسلحے سے لیس گارڈز کے ساتھ سفر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

سی سی ڈی افسر کا کہنا تھا کہ کاشف ضمیر ایک عادی ملزم ہے اور اس سے پہلے بھی اسی نوعیت کے الزامات میں گرفتار ہو چکا ہے۔

بعد ازاں پولیس حراست میں ٹک ٹاکر کا ایک ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر سامنے آیا، جس میں اُس نے قانون ہاتھ میں لینے پر معافی مانگی۔

کارٹون

کارٹون : 6 جولائی 2025
کارٹون : 5 جولائی 2025