’اسکوئڈ گیم‘ کے سیزن 3 نے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

شائع July 3, 2025

نیٹ فلکس کی مقبول کورین سیریز ’اسکوئڈ گیم‘ کے تیسرے سیزن نے ریلیز کے صرف تین دنوں میں 6 کروڑ 10 لاکھ ویوز حاصل کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

نیٹ فلیکس کی عالمی شہرت یافتہ کورین سروائیول ویب سیریز ’اسکوئڈ گیم‘ کے تیسرے اور آخری سیزن نے ریلیز کے پہلے ہی ہفتے میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

27 جون کو ریلیز ہونے والے تیسرے سیزن کو صرف تین دنوں میں 6 کروڑ 10 لاکھ بار دیکھا گیا اور اسے نیٹ فلیکس کی تاریخ کی سب سے بڑی عالمی اوپننگ قرار دیا جا رہا ہے۔

نیٹ فلیکس کے مطابق، ’اسکوئڈ گیم‘ کے تیسرے سیزن کو دنیا بھر کے 93 ممالک میں پہلا درجہ ملا، جو کسی بھی سیریز کے لیے ایک نئی مثال ہے۔

یہ سیزن نیٹ فلیکس کے انگریزی کے بجائے دیگر زبانوں میں پیش کیے جانے والے شوز کی فہرست میں نویں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی سیریز بن چکی ہے۔

اس بار کہانی میں نہ صرف مقابلے زیادہ شدید دکھائے گئے بلکہ کچھ مناظر پر تشدد کی زیادتی کا تاثر بھی دیا گیا، جس پر شائقین کی جانب سے ملی جلی رائے سامنے آئی۔

سیریز کے ڈائریکٹر ہوانگ ڈونگ ہیوک نے ویرائٹی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ اس سیزن میں انسانی امید، اخلاقیات اور فیصلوں کی قیمت کو مرکزی خیال بنایا گیا ہے۔

نیٹ فلیکس اور سیریز کے ڈائریکٹر نے فی الحال چوتھے سیزن کے امکانات کو رد کر دیا ہے، لیکن اس کے امکان کو مکمل طور پر مسترد بھی نہیں کیا گیا۔

یہ تھرلر سیریز 456 افراد کی کہانی بیان کرتی ہے جو 45 ارب 60 کروڑ کورین وون کی انعامی رقم کے لیے اپنی جان داؤ پر لگاتے ہیں۔

’اسکوئڈ گیم‘ کا پہلا سیزن 2021 میں ریلیز ہوا، جو عالمی سطح پر نیٹ فلکس کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی سیریز بن گیا تھا۔

اس کا دوسرا سیزن 2024 میں ریلیز ہوا، جس نے ریلیز کے پہلے ہی ہفتے میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والے سیزن کا نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

اس کی کامیابی نے نہ صرف کورین ڈراموں کی پہچان میں اضافہ کیا بلکہ دنیا بھر میں مختلف زبانوں کے مواد کی مانگ کو بھی بڑھایا۔

’اسکوئڈ گیم‘ کے تیسرے سیزن کی زبردست کامیابی ایک بار پھر ثابت کرتی ہے کہ نیٹ فلیکس پر غیر انگریزی زبان میں بننے والا مواد بھی دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کر سکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 6 جولائی 2025
کارٹون : 5 جولائی 2025