کراچی: اتحاد ٹاؤن میں لڑکی کا مبینہ گینگ ریپ، مرکزی ملزم گرفتار

شائع July 4, 2025
— فائل فوٹو: اے پی
— فائل فوٹو: اے پی

کراچی پولیس نے اتحاد ٹاؤن میں لڑکی کے مبینہ ’گینگ ریپ‘ میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔

جاری بیان کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کیماڑی کیپٹن ریٹائرڈ فیضان علی نے بتایا کہ اتحاد ٹاؤن پولیس نے ایک روز قبل گینگ ریپ کا مقدمہ درج کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ یکم جولائی کو پیش آیا، جب گرفتار ملزم نے متاثرہ لڑکی کو زبردستی اپنی موٹر سائیکل پر بٹھا کر اتحاد ٹاؤن میں واقع اپنے ڈیرے پر لے گیا، جہاں اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر گینگ ریپ کیا۔

ایس ایس پی نے کہا کہ متاثرہ لڑکی رات کے وقت فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی اور اپنے ماموں کے گھر پہنچی، جس کے بعد پولیس کو واقعے کی اطلاع دی گئی، ان کا کہنا تھا کہ لڑکی کا طبی معائنہ سول ہسپتال کراچی میں کرایا گیا، اور پھر مقدمہ درج کیا گیا۔

ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ مقدمہ درج ہونے کے چند گھنٹوں کے اندر مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے درندے معاشرے کے لیے کینسر ہیں، اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اگرچہ ملک میں انسداد زیادتی قوانین موجود ہیں جن کے تحت زیادتی کی سزا سزائے موت یا 10 سے 25 سال قید ہے، لیکن ایسے واقعات بدستور سامنے آ رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 6 جولائی 2025
کارٹون : 5 جولائی 2025