بیوی ماں نہیں ہوتی کہ وہ شوہر کے نخرے اٹھائے، نادیہ جمیل
اداکارہ نادیہ جمیل کی جانب سے لڑکوں کی تربیت کے حوالے سے کی گئی ایک پرانی ویڈیو کو کلپ وائرل ہو رہا ہے، جس میں وہ لڑکیوں کو سمجھاتی دکھائی دیتی ہیں کہ بیوی ماں نہیں ہوتی کہ وہ شوہر کے نخرے اٹھائے۔
نادیہ جمیل وائرل کلپ میں بتاتی ہیں کہ لڑکے جب نو عمری میں داخل ہوتے ہیں ان کے بہت سارے دوست بننے لگتے ہیں، جن میں سے بعض دوست ایسے بھی ہوتے ہیں جن کا تعلق امیر گھرانوں سے ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امیر گھرانوں کے بچے ایسے ہوتے ہیں، جہاں خواتین کے ساتھ دوسری طرح رویہ رکھا جاتا ہے۔
اداکارہ ویڈیو میں کہتی ہیں کہ بطور ماں وہ اپنے بیٹے کے نخرے برداشت کرتی رہی ہیں اور کرتی رہیں گی، بیٹا ان سے نخرے اٹھانے کی توقع بھی رکھتا ہے۔
نادیہ جمیل کا کہنا تھا کہ وہ شروع سے ہی بیٹے کے لیے کھانے کی پلیٹ بناتی آئی ہیں اور جب بھی بیٹا ان سے کہتا ہے وہ ان کے لیے پلیٹ بنا دیتی ہیں، کیوں کہ وہ ان کی ماں ہیں، وہ ان کے نخرے برداشت کریں گی۔
اداکارہ نے اسی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے کے منگنی ہوچکی ہے اور ایک بار وہ بیٹے کے ہمراہ ان کی منگیتر کے گھر گئیں، جہاں ان کے بیٹے نے منگیتر کو کہا کہ وہ ان کی پلیٹ بنا دے۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کے بیٹے کی فرمائش پر منگیتر نے انہیں جواب دیا کہ وہ اپنی پلیٹ خود بنائے، جس پر ان کے بیٹے نے انہیں شکایت کی اور کہا کہ وہ ان کی منگیتر کو کہیں کہ وہ ان کے لیے پلیٹ بنائیں۔
نادیہ جمیل کے مطابق انہوں نے بیٹے کو ڈانٹ پلائی اور کہا کہ وہ ان کی ماں نہیں بلکہ منگیتر ہیں، وہ ان کی پلیٹ نہیں بنائیں گی، وہ خود اپنی پلیٹ بنائیں۔
اداکارہ نے کہا کہ بیوی کبھی ماں نہیں بنتیں، ان کا دل جب چاہے گا وہ شوہر کے لیے کچھ کریں گی، اگر ان کا دل نہیں چاہے گا تو وہ کچھ نہیں کریں گی اور یہ بات شوہروں کو سمجھنی چاہیے۔
نادیہ جمیل کی مذکورہ ویڈیو وائرل ہوگئی اور صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے اور اداکارہ کی بات پر طنز بھی کی جب کہ بعض افراد نے ان کی بات سے اتفاق بھی کیا۔