برطانیہ کا شام کے ساتھ دوبارہ مکمل سفارتی تعلقات قائم کرنے کا اعلان

شائع July 5, 2025
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

برطانیہ نے شام کے ساتھ مکمل سفارتی تعلقات دوبارہ قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق برطانوی وزیرِ خارجہ ڈیوڈ لیمی نے دمشق کے دورے میں اس پیش رفت کے حوالے سے بتایا، یہ اعلان گزشتہ دسمبر میں طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والے بشار الاسد کے اقتدار کے خاتمے کے بعد کیا گیا ہے۔

ڈیوڈ لیمی نے بیان میں کہا کہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے کے تنازع کے بعد شامی عوام کے لیے نئی امید پیدا ہوئی ہے، برطانیہ سفارتی تعلقات اس لیے بحال کر رہا ہے کیونکہ یہ ہمارے مفاد میں ہے کہ ہم نئی حکومت کو ایک مستحکم، زیادہ محفوظ اور خوشحال مستقبل کی تعمیر کے وعدے کی تکمیل میں مدد دیں۔

یہ بیان برطانوی وزیر خارجہ کی شام کے عبوری صدر احمد الشراع سے دمشق میں ملاقات کے بعد سامنے آیا، شامی ایوانِ صدر نے بتایا کہ بشار الاسد کے اقتدار سے ہٹنے کے بعد ڈیوڈ لیمی کایہ پہلا دورہ ہے۔

شامی ایوان صدر کی جانب سے تصاویر کے مطابق احمد الشراع نے وزیرِ خارجہ اسعد الشیبانی کے ہمراہ ڈیوڈ لیمی کا استقبال کیا۔

احمد الشراع کے دفتر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے طریقے اور علاقائی و عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دسمبر میں باغیوں کی قیادت میں افواج کے ذریعے بشار الاسد کے اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد شام میں سفارتی سرگرمیوں میں غیر معمولی تیزی آئی ہے۔

مئی میں شامی وزیرِ دفاع مرحف ابو قصرہ نے ایک برطانوی وفد سے ملاقات کی تھی، اپریل میں برطانوی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ بشار الاسد کے دور حکومت میں شام کی وزارتِ داخلہ اور وزارتِ دفاع پر عائد کی گئی پابندیاں ختم کر رہے ہیں۔

ایک ماہ قبل برطانیہ نے شام کے 24 اداروں پر سے پابندیاں ختم کی تھیں، جن میں شامی مرکزی بینک بھی شامل ہے۔

شام کی نئی حکومت نے ان اقدامات کا خیرمقدم کیا، جو ملک کی تعمیر نو اور اس کی تباہ حال معیشت کو بحال کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں کیے جا رہے ہیں، جنہیں طویل خانہ جنگی اور سخت پابندیوں نے شدید نقصان پہنچایا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 18 جولائی 2025
کارٹون : 17 جولائی 2025