کراچی: ٹک ٹاک پر دوستی کے ذریعے مبینہ طور پر اغوا کی گئی لڑکی ڈیڑھ سال بعد بازیاب
ٹک ٹاک کے ذریعے دوستی کے بعد اورنگی ٹاؤن کراچی سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ یسریٰ کو مبینہ اغوا کے ڈیڑھ سال بعد بازیاب کرالیا گیا، مبینہ اغوا کار کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
سندھ کی صوبائی وزیر برائے ترقی نسواں شاہینہ شیر علی نے اورنگی ٹاؤن جاکر مغویہ یسریٰ اور اہل خانہ سے ملاقات کی، اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی (ایم پی اے) اعجاز الحق بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ ملزم یسریٰ کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا بھی نشانہ بناتا رہا ہے، لڑکی نے موقع پر پاکر ڈیڑھ سال بعد اپنے رشتہ دار سے رابطہ کرکے اپنے ساتھ ہونے والے ظلم کی اطلاع دی، جس کے فوری بعد مقامی ایم پی اے اعجاز الحق کی فوری کاوش سے لڑکی کو بازیاب کروالیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم حمزہ کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے، متاثرہ خاندان کو تمام طرح کی قانونی مدد فراہم کی جائے گی۔
شاہینہ شیر علی نے مزید کہا کہ خواتین و بچیوں کے ساتھ مظالم کے خلاف سندھ حکومت کی صفر برداشت کی واضح پالیسی ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ خواتین و بچیوں پر ظلم کرنے والے ظالموں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔













لائیو ٹی وی