چینی کمپنی کی حکومت سندھ کو ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش

شائع October 7, 2025
فوٹو: اسکرین شاٹ،  صوبائی محکمہ اطلاعات، ایکس اکاؤنٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ، صوبائی محکمہ اطلاعات، ایکس اکاؤنٹ

چین کے سرمایہ کاروں نے حکومت سندھ کے ساتھ صوبے کے ترقیاتی کاموں میں سرمایہ کاری کی پیش کش کی ہے۔

صوبائی محکمہ اطلاعات کے ایکس اکاؤنٹ پر کی گئی پوسٹ کے مطابق وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ سے چین کے سرمایہ کاروں نے ملاقات کی، چینی وفد نے سندھ حکومت کے ساتھ ملکر صوبے کے ترقیاتی کاموں میں اشتراک کے حوالے سے دل چسپی کا اظہار کیا۔

چینی وفد نے صوبائی وزیر بلدیات کو پیش کش کی کہ کراچی سمیت پورے صوبے کی ترقی میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔

وزیر بلدیات سندھ نے چینی وفد کو بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن اور وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر صوبے کی ترقی کا عمل جاری ہے، اور صوبہ سندھ میں تمام ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں سندھ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کیے گئے۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چینی وفد سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیربلدیات نے کہا کہ سرمایہ کاری کے حوالے سے صوبہ سندھ مختلف سیکٹرز میں زرخیز ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام اور صوبہ کی ترقی کیلئے ہر سرمایہ کار کو خوش آمدید کریں گے۔

وزیر بلدیات نے وفد کو کراچی تا روہڑی ٹرین چلانے میں تعاون کی پیشکش کے علاوہ مختلف سیکٹرز میں منافع بخش سرمایہ کاری کی ترغیب دی۔

کارٹون

کارٹون : 8 نومبر 2025
کارٹون : 7 نومبر 2025