حرا مانی اس عمر میں زندگی سے مزے لینا چاہتی ہیں، اس پر تنقید نہ کی جائے، سلیم معراج
معروف اداکار سلیم معراج نے ساتھی اداکارہ حرا مانی کی ویڈیوز اور تصاویر پر تنقید کرنے والے افراد کو مشورہ دیا ہے کہ اگر اداکارہ اس عمر میں اپنی زندگی سے مزے لینا چاہتی ہیں تو انہیں انجوائے کرنے دیا جائے، ان پر شدید تنقید نہ کی جائے۔
سلیم معراج نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاکر یا دوسرے سوشل میڈیا اسٹارز کو اداکاری کے مواقع دینے پر تنقید بے جا ہے، سوشل میڈیا اسٹارز ٹیلنٹ کی بنیاد پر اداکاری کر سکتے ہیں۔
ان کے مطابق ماضی میں تو سوشل میڈیا بھی نہیں تھا اور اب اگر کوئی سوشل میڈیا والا اچھی اداکاری کرتا ہے تو اس میں کوئی برائی نہیں، ہمیں بڑے دل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے مثال دی کہ اگر ہانیہ عامر سوشل میڈیا سے آئی ہیں اور وہ اچھا کام کر رہی ہیں تو باقی لوگ بھی ایسے ہیں، انہوں نے جن بھی نوجوانوں کے ساتھ کام کیا ہے، وہ اچھا کام کر رہے ہیں۔
سلیم معراج کا کہنا تھا کہ جو کردار انہوں نے اپنی جوانی میں کیا تھا، اب اسی طرح کے کردار کے لیے نئے اور نوجوان بچے چاہیے اور ٹک ٹاکرز اس ضرورت کو پورا کر رہے ہیں۔
پروگرام کے ایک سیگمنٹ میں انہوں نے کہا کہ انہیں صبا قمر بہت پسند ہیں، اس لیے وہ انہیں 10 کے 10 نمبر ہی دیں گے۔
اسی سیگمنٹ میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے مومنہ اقبال کے ساتھ کام نہیں کیا، وہ ان سے متعلق کچھ نہیں کہ سکتے۔
انہوں نے حبا بخاری کو 10 میں سے 6 نمبرز دیے اور کہا کہ اگرچہ وہ اچھی اداکارہ ہیں لیکن وہ انہیں زیادہ پسند نہیں۔
اداکار نے اداکارہ ریشم کو 10 میں سے 5 نمبرز دیے اور کہا کہ ماضی میں وہ انہیں بہت پسند تھیں لیکن اب انہیں وہ پسند نہیں، ان کی اداکاری اب نہیں آ رہی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں سب کو لگتا تھا کہ ریشم اچھی اداکارہ بنیں گی، چوں کہ وہ فلموں میں اچھا کام کر رہی تھیں لیکن ایسا نہ ہوسکا، اب ان سے اداکاری نہیں ہو رہی۔
اسی سیگمنٹ میں انہوں نے صائمہ نور کو بھی پسندیدہ اور بہترین اداکارہ قرار دیا اور کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کی اداکاری مزید بہتر ہوئی ہے۔
سلیم معراج نے بتایا کہ صائم نور انہیں بچپن سے پسند ہے، وہ ان کی فلمیں دیکھا کرتے تھے، اب ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں بھی وہ بہترین اداکاری کر رہی ہیں۔
اسی سیگمنٹ میں انہوں نے حرا مانی کو بھی 10 میں سے 6 نمبرز دیے اور کہا کہ وہ ان کے ساتھ کام کر چکے ہیں، وہ بہترین اداکارہ ہیں۔
اداکارہ کے لباس اور ویڈیوز پر تنقید کے سوال پر انہوں نے کہا کہ عام طور پر بھی حرا مانی ساڑھی اور اس طرح کا لباس پہن کر رکھتی ہیں جو انہوں نے ویڈیوز میں پہن رکھا ہوتا ہے، ان پر تنقید فضول ہے۔
ان کے مطابق حرا اور مانی بہت اچھے لوگ ہیں، ان کے ساتھ ان کے تعلقات ہیں لیکن لوگوں کی اداکارہ پر تنقید بے جا ہے۔
سلیم معراج کا کہنا تھا کہ اگر حرا مانی اس عمر میں اپنی زندگی کے مزے لے کر انجوائے کرنا چاہتی ہیں تو لوگوں کو ان پر تنقید نہیں کرنی چاہیے۔
ساتھ ہی انہوں نے حرا مانی کو مشورہ دیا کہ اگر وہ بچ بچا کر رہیں تو اچھا ہے۔













لائیو ٹی وی