حریف ٹیم کی 20 وکٹیں لینا بڑی اننگز کھیلنے سے زیادہ اہم ہے، کپتان قومی ٹیسٹ ٹیم
قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہےکہ حریف ٹیم کی 20 وکٹیں لینا ان کے خلاف بڑی اننگز کھیلنے سے زیادہ اہم ہے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹیسٹ کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ آئندہ 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں فتح کے لیے 20 وکٹیں حاصل کرنا بڑی اننگز کھیلنے سے زیادہ اہم ہوگا، کیونکہ میزبان ٹیم نے پہلے میچ کے لیے ’اسپن-فرینڈلی پچ‘ تیار کی ہے۔
کپتان قومی ٹیسٹ ٹیم نے مزید کہا کہ پاکستان کی توجہ ایسے پچز تیار کرنے پر ہے جن سے نتیجہ خیز میچ ممکن ہو اور جو ٹیم کی اسٹرنتھ کے مطابق ہو۔
انہوں نےکہا کہ ہم ایسی ’فلیٹ وکٹیں‘ نہیں چاہتے جہاں میچز ڈرا پر ختم ہوں، کبھی کبھار آپ کو رنز قربان کرنے پڑتے ہیں تاکہ ایسے مواقع پیدا کیے جا سکیں جہاں 20 وکٹیں حاصل کی جا سکیں۔
ایک سوال کے جواب میں شان مسعود کا کہنا تھا کہ یہ حکمتِ عملی گزشتہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) سائیکل کے تجربات سے حاصل کردہ سبق کی عکاس ہے، جہاں ٹیم کو ہوم گراؤنڈ میں ملنے والے مواقع کو جیت میں بدلنے میں مشکلات پیش آئی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ’ہوم ایڈوانٹیج‘ کو دانشمندی کے ساتھ استعمال کریں گے۔
قذافی اسٹیڈیم کی وکٹ اسپنرز کے لیے مددگار ثابت ہونے کی توقع ہے، جو موجودہ ڈبلیو ٹی سی سائیکل کا پہلا ٹیسٹ میچ اتوار سے میزبانی کر رہی ہے۔
پاکستان کی جانب سے 3 اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا امکان ہے، جن میں آف اسپنر ساجد خان اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ریڈ بال ٹیم کے کپتان نے یہ بھی کہا کہ حالات کے مطابق فاسٹ باؤلرز ریورس سوئنگ سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
بابر اعظم اور سلمان علی آغا کی حالیہ فارم پر خدشات موجود ہیں، تاہم شان مسعود کا کہنا تھا کہ کم اسکور والے میچز میں انفرادی اعداد و شمار کی اہمیت کم ہو جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی کنڈیشنز میں 50 رنز بھی میچ کا فیصلہ کن پارٹ بن سکتے ہیں۔
اپنی حالیہ کارکردگی کے باعث خود بھی تنقید کی زد میں رہنے والے شان مسعود نےکہا کہ وہ پچھلی ورلڈ ٹیسٹ چیمئپنزشپ میں پاکستان کے سرفہرست بلے بازوں میں شامل تھے، انہوں نے کہا کہ کارکردگی کو سیاق و سباق میں پرکھنا چاہیے، اصل بات چیت کے لمحات پیدا کرنا ہے، صرف اوسط نہیں۔
واضح رہےکہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 2 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 12 اکتوبر سے قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہوگا، پی سی بی نے ٹیسٹ سیریز کے لیے شائقین کا داخلہ مفت کر رکھا ہے۔













لائیو ٹی وی