لاہور ٹیسٹ: تیسرے دن کا کھیل ختم، پاکستان کو جیت کیلئے 8 وکٹیں، جنوبی افریقہ کو 226 رنز درکار

شائع October 14, 2025
— فوٹو: کرک انفو
— فوٹو: کرک انفو
— فوٹو: پی سی بی /  ایکس
— فوٹو: پی سی بی / ایکس
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: پاکستان کرکٹ، ایکس
— فوٹو: پاکستان کرکٹ، ایکس

لاہور ٹیسٹ کے دلچسپ اور سنسنی خیز تیسرے دن کا کھیل ختم ہو گیا، پہلے میچ میں پاکستان کو جیت کے لیے 8 وکٹیں جبکہ جنوبی افریقہ کو 226 رنز درکار ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 277 رنز کا ہدف دیا، تیسرے دن کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 51 رنز بنا لیے ہیں، پروٹیز بیٹر ریان ریکلٹن 29 اور ٹونی ڈی زورزی 16 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

اس سے قبل دوسری اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم محض 167 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور جنوبی افریقہ کو فتح کے لیے 277 رنز کا ہدف دیا۔

سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں پاکستان کے 378 رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 269 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی، اسپنر نعمان علی نے 6 اور ساجد خان نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تیسرے روز پاکستان نے 109 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا تو پہلی اننگز میں نصف سنچریاں بنانے والے امام الحق اور شان مسعود بالترتیب صفر اور 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 64 کے مجموعی اسکور پر گری، عبداللہ شفیق 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، بابراعظم کی ہمت بھی 42 رنز بنانے کے بعد جواب دے گئی۔

پہلی اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونے والے سعود شکیل نے دوسری اننگز میں 38 رنز بنائے اور وہ 150 کے مجموعے پر متھوسوامی کا شکار بنے، محمد رضوان 14، سلمان علی آغا 4، شاہین آفریدی صفر، نعمان علی 11 اور ساجد خان ایک رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی آخری 5 وکٹیں محض 17 رنز کے اضافے سے گریں اور پوری ٹیم محض 167 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے پہلی اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کرنے والے متھوسوامی نے دوسری اننگز میں بھی 5 وکٹیں حاصل کیں، سمون ہارمر کے حصے میں 4 وکٹیں آئیں، ایک وکٹ کاگیسو ربادا نے حاصل کی۔

جنوبی افریقہ پہلی اننگز

اس سے قبل، جنوبی افریقہ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز کے ساتھ تیسرے دن کھیل کا آغاز کیا تو 13 رنز کے اضافے کے بعد اس کی چھٹی وکٹ گرگئی، سینوران متھوسوامی ساجد خان کی گیند پر سلمان علی آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس دوران ٹونی ڈی زورزی نے 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 162 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی جس کے بعد 261 کے مجموعی اسکور پر جنوبی افریقہ کی آٹھویں وکٹ گر گئی اور ٹونی ڈی زورزی نعمان علی کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی نویں وکٹ نعمان علی کے حصے میں آئی جنہوں نے پرینیلن سبرائین کو سلمان علی آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا اور 6 وکٹیں حاصل کرلیں۔

جنوبی افریقہ کی دسویں وکٹ ساجد خان کے حصے میں آئی، ساجد خان نے کگیسو ربادا کو کلین بولڈ کیا۔

پاکستان پہلی اننگز

یاد رہے کہ پاکستان نے میچ میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں امام الحق، شان مسعود، محمد رضوان اور سلمان علی آغا کی نصف سنچریز کی بدولت 378 رنز بنائے تھے جبکہ جنوبی افریقہ کی جانب سے سینوران متھوسوامی نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

جنوبی افریقہ نے پیر کو میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام تک 6 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنائے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 8 نومبر 2025
کارٹون : 7 نومبر 2025