فیصل کپاڈیا کا ڈمپل کپاڈیا اور ٹوئنکل کھنہ سے تعلق کا انکشاف
معروف پاکستانی گلوکار فیصل کپاڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ سینئر بھارتی اداکارہ ڈمپل کپاڈیا ان کی قریبی رشتے دار ہیں، اس حساب سے ٹوئنکل کھنہ بھی ان کی رشتے دار ہوئیں۔
فیصل کپاڈیا نے حال ہی میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ایف ایم ریڈیو کے یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے ڈمپل کپاڈیا سے اپنے رشتے دار کا بھی انکشاف کیا۔
فیصل کپاڈیا نے بتایا کہ انہوں نے کم عمری میں ہی پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر گلوکاری کرنا شروع کردی تھی، جس وجہ سے بھارت میں موجود ان کے رشتے داروں نے کہنا شروع کردیا تھا کہ وہ انہیں بولی وڈ میں بھی گنوائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈمپل کپاڈیا کے والد چنی بھائی کپاڈیا 1984 میں کزن کی شادی میں کراچی آئے تھے اور انہوں نے ان کی گلوکاری سننے کے بعد انہیں کہا تھا کہ وہ انہیں بولی وڈ میں گلوکاری کروائیں گے۔
فیصل کپاڈیا نے بتایا کہ انہوں نے اپنے کزن کی شادی میں گلوکاری کی جو چنی بھائی کپاڈیا کو پسند آئی اور انہوں نے بولی وڈ میں انہیں موقع دلوانے کا وعدہ کیا۔
گلوکار کے مطابق بعد ازاں چنی بھائی چل بسے لیکن ان کی موت کے بعد انہیں بولی وڈ جانے کا موقع ملا، انہوں نے 2006 میں ریلیز ہونے والی فلم ’زندہ‘ میں ’یہ ہے میری کہانی‘ گانا گایا، جس کے بعد انہوں نے دیگر گانے بھی گائے۔
انہوں نے کہا کہ بولی وڈ فلم میں گلوکاری کرنے سے قبل وہ عالمی سطح پر بھی گلوکاری کر چکے تھے اور اسپائیڈر مین میں ان کی آواز شامل تھی۔
ایک سوال کے جواب میں فیصل کپاڈیا نے انکشاف کیا کہ ڈمپل کپاڈیا ان کی بھتیجی ہیں، میزبان کے سوال پر انہوں نے مزید وضاحت کی کہ اداکارہ کے والد ان کے کزن تھے۔
گلوکار نے کہا کہ چنی بھائی کپاڈیا ان کے کزن تھے، اس حساب سے ڈمپل کپاڈیا ان کی بھتیجی ہوئیں۔
ڈمپل کپاڈیا خود بھی ماضی کی مقبول بولی وڈ اداکارہ رہی ہیں، وہ لیجنڈری اداکار راجیش کھنہ کی اہلیہ اور مشہور اداکارہ ٹوئنکل کھنہ کی والدہ ہیں۔
ڈمپل کپاڈیا کے بھتیجی ہونے کی وجہ سے ٹوئنکل کھنہ گلوکار کی پوتی ہوئیں ہوئیں اور پوتی کے شوہر اکشے کمار ان کے داماد ہوئے۔













لائیو ٹی وی