مواد تخلیق کاروں کو نہیں، سوشل میڈیا بنانے والوں کو ’جہنمی‘ کہا تھا، زاہد احمد

شائع November 3, 2025

اداکار زاہد احمد نے خود پر تنقید کے بعد واضح کیا ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے مالکان اور انہیں بنانے والے کو ’جہنمی‘ کہا تھا، اس پر مواد بنانے والوں کو نہیں کہا تھا۔

زاہد احمد نے حال ہی میں احمد بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی تھی، جہاں انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ جتنے بھی سوشل میڈیا کریئیٹرز ہیں، شیطان ہیں، وہ سب دوزخ میں سڑیں گے۔

انہوں نے اس وقت ’سوشل میڈیا کریئیٹرز‘ کا لفظ استعمال کرتے وقت واضح نہیں کیا تھا اور ساتھ ہی انہوں نے اسی دوران کانٹینٹ کریئیٹرز (مواد تخلیق کاروں) پر بھی تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ وہ فحاشی اور خود نمائی کرتے ہیں، ایک دوسرے سے مقابلے کے رجحان کو پیدا کرتے ہیں۔

زاہد احمد کی جانب سے مواد تخلیق کاروں پر تنقید کے بعد متعدد سوشل میڈیا کانٹینٹ کریئیٹرز نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا تھا، جس کے بعد اب انہوں ںے وضاحت کردی۔

زاہد احمد نے انسٹاگرام پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان سے غلطی ہوئی، انہوں نے خود ہی دوسروں کو ’جہنمی‘ قرار دیا جو کہ ان کا کام نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی ’جہنمی‘ قرار دینا ان کا اختیار یا کام نہیں، یہ صرف خدا کا کام ہے، ان سے غلطی ہوئی اور وہ آئندہ ایسی غلطی نہیں کریں گے۔

ان کے مطابق ان کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کریئیٹرز کو ’جہنمی‘ قرار دینے کی بات پر بہت سارے لوگوں نے مذہب اسلام پر منفی باتیں کیں، جس وجہ سے انہیں اپنی غلطی کا احساس بھی ہوا اور وضاحت دینا بھی ضروری سمجھی۔

زاہد احمد نے واضح کیا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بنانے والوں کو ’جہنمی‘ قرار دیا تھا، کانٹینٹ کریئیٹرز کو نہیں دیا تھا لیکن ان کی جانب سے کسی کو ’جہنمی‘ قرار دینا ان کی غلطی تھی، اب وہ ایسی غلطی دوبارہ نہیں کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2025
کارٹون : 13 نومبر 2025