زوبین گرگ کو قتل کیا گیا، آسام کے وزیر اعلیٰ کا دعویٰ

شائع November 3, 2025

بھارتی ریاست آسام کے وزیرِ اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست کے معروف گلوکار زوبین گرگ کی موت محض حادثہ نہیں بلکہ قتل کا واقعہ تھی۔

زوبین گرگ ستمبر 2025 میں سنگاپور میں دورانِ تفریح سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے تھے، ابتدائی طور پر ان کی موت کو حادثہ قرار دیا گیا تھا جب کہ سنگاپور پولیس نے بھی ابتدائی تحقیق کے بعد ان کی موت کو حادثہ قرار دیا تھا۔

سنگاپور پولیس کی جانب سے گلوکار کی موت کو حادثہ قرار دیے جانے کے باوجود ریاستی حکومت نے ان کے قتل کی تحقیقات جاری رکھیں، جس کے بعد اب آسام حکومت نے اس معاملے میں نئی پیش رفت کا انکشاف کیا ہے۔

بھارتی اخبار ’دکن کیرونیکل‘ کے مطابق آسامی وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے بتایا کہ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ زوبین گرگ کی موت قدرتی نہیں تھی بلکہ سوچی سمجھی سازش کا نتیجہ تھی۔

انہوں نے بتایا کہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم کو 8 دسمبر تک چارج شیٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ چونکہ واقعہ بیرون ملک پیش آیا، اس لیے تحقیقات کے بعض مراحل میں مرکزی وزارتِ داخلہ اور سنگاپور حکام سے رابطہ ضروری ہے۔

وزیرِ اعلیٰ نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کر کے اس سلسلے میں تعاون کی درخواست کی بھی ہے۔

ریاستی تحقیقات کے دوران اب تک سات افراد کو حراست میں بھی لیا جا چکا ہے، جن میں گلوکار کے مینیجر، شو کے منتظمین، قریبی رفقا اور سیکیورٹی اہلکار شامل ہیں۔

زوبین گرگ آسام کے ثقافتی منظرنامے کی معروف شخصیت تھے، جنہوں نے نہ صرف بھارتی فلم انڈسٹری بلکہ شمال مشرقی ریاستوں میں بھی شہرت حاصل کی۔

انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران ہندی، بنگالی، آسامی، تامل اور تیلگو سمیت دیگر مقامی بھارتی زبانوں میں 32 ہزار گانے گائے اور ان کی اچانک موت نے مداحوں کو شدید صدمے میں مبتلا کر دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2025
کارٹون : 13 نومبر 2025