عدالتی نظام کو مضبوط بنانے کیلئے آئینی ترامیم پر غور جاری ہے، عطاء اللہ تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عدالتی نظام کو مضبوط بنانے کیلئے آئینی ترامیم پر غور جاری ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ہمیشہ جھوٹ بول کر سیاست کی اور اپنے مخالفین پر بے بنیاد الزامات عائد کیے۔
سرکاری پی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 2017 میں ایک ٹی وی پروگرام کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف پر 10 ارب روپے کی پیشکش کا جھوٹا الزام لگایا، جس سے ان کی ساکھ متاثر ہوئی۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ شہباز شریف نے اُس وقت بانی پی ٹی آئی کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا جو گزشتہ سات آٹھ سال سے عدالت میں زیرِ سماعت ہے، وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آج میں بطور گواہ عدالت میں پیش ہوا، جبکہ بانی پی ٹی آئی کے وکلا اب تک 120 مرتبہ تاریخیں مانگ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ایک اچھی شہرت رکھنے والے، شفاف سیاسی کیریئر کے حامل رہنما ہیں، جنہوں نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دی، ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے پاس نہ کوئی ثبوت ہے اور نہ ہی کوئی سچ پر مبنی مؤقف۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ دہشت گردوں کی حمایت کی، اور جو شخص اپنے ملک میں رہ کر دہشت گردوں کو سپورٹ کرے، وہ کبھی قوم کا رہنما نہیں بن سکتا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے سری لنکا بننے کے دعوے کیے، جھوٹ بولنا اور یوٹرن لینا ان کی عادت بن چکی ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ امید ہے کہ اس کیس میں انصاف ضرور ملے گا، انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے خود کورکمانڈر ہاؤس جانے کی ویڈیو لگائی۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے آئینی ترامیم پر غور جاری ہے، جبکہ غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات کوئی نیا عمل نہیں، ماضی میں بھی منعقد ہوتے رہے ہیں۔













لائیو ٹی وی