محمد رضوان کا کپتانی سے ہٹائے جانے پر رد عمل سامنے آگیا

شائع November 5, 2025
— فوٹو: پی سی بی
— فوٹو: پی سی بی

قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ کچھ فیصلے آپ کے ہاتھ میں نہیں ہوتے یہ ٹیم مینجمنٹ اور سلیکٹرز کے فیصلے ہوتے ہیں جب کہ شاہین آفریدی میرے لیے پہلے بھی کپتان تھا اور اب بھی ہے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد رضوان نے ٹاس سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم سب کا یہی خیال تھا کہ ٹاس جیتنے کے بعد یہاں پہلے باؤلنگ کرنا بھی بہتر ہوگا کیوں کہ بعد میں اوس پڑتی ہے جس کی وجہ سے باؤلنگ کروانا بہت مشکل ہوجاتا ہے۔

اچھی اننگز کھیلنے کے باوجود میچ فنش نہ کرنے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ یہ بات بالکل درست ہے، میں نے اور سلمان علی آغا نے اچھی اننگز کھیلی اور ہمیں میچ کو فنش کرنا چاہیے تھا کیوں کہ پچ بہت مشکل ہوگئی تھی اور مہمان ٹیم کو بھی سمجھ نہیں آرہی تھی کہ پچ کا رویہ کیسا ہے، ہم نے کوشش کی تھی کہ میچ کو آخر تک لے جائیں مگر کچھ غلطیاں ہوئی جس سے سیکھنے کی کوشش کریں گے۔

فیصل آباد میں 17 سال بعد کرکٹ کی واپسی اور گراؤنڈ کا تماشائیوں سے مکمل ہونے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ لاہور، فیصل آباد، پشاور جہاں کا بھی گراؤڈ دیکھیں گے تو یہ بہت سپورٹ کرتے ہیں یہاں تک نیشنل ٹی20 کپ میں بھی بڑی تعداد میں لوگ میچ دیکھنے آتے ہیں۔

مزید کہا کہ ہمارے تماشائیوں کی اچھی بات یہ ہے کہ وہ نہ صرف اپنی ٹیم کو سپورٹ کرتے ہیں بلکہ وہ مہمان ٹیم کے حق میں بھی نعرے بازی کررہے تھے جسے دیکھ کر جنوبی افریقہ والے بھی حیران ہوگئے تھے، مگر یہ اچھی چیز ہے کہ ہمارے لوگ کرکٹ کو سپورٹ کرتے ہیں۔

کپتانی چھن جانے سے متعلق سوال کے جواب میں محمد رضوان کا کہنا تھا کہ کچھ چیزیں آپ کے ہاتھ میں نہیں ہے، یہ منیجمنٹ اور سلیکٹرز کے فیصلے ہوتے ہیں، میرے ہاتھ میں صرف محنت کرنا ہے جو میں کررہا ہوں لیکن اس سوال سے متعلق میرے پاس کوئی جواب نہیں کہ میں کن الفاظ میں ان کی وضاحت کروں۔

مزید کہا کہ ان کی کپتان میں تمام پلیئرز ہی کپتان تھے، شاہین آفریدی پہلے بھی کپتان تھا اور اب بھی کپتان ہے اس لیے مجھے زیادہ فرق نہیں پڑا اور نہ ہی ہمارے رشتے میں کوئی فرق آیا ہے، اب بھی جو سمجھ آرہا ہے وہ شاہین کو مشورہ دے رہا ہوں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد مہمان جنوبی افریقہ کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2025
کارٹون : 13 نومبر 2025