ای چالان کا مقصد قوانین پرعمل کرانا ہے، اس اقدام سے شہر میں بہتری نظر آرہی ہے، شرجیل میمن
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں ای چالان پر سیاسی جماعتوں کی جانب سے تنقید کی جارہی ہے لیکن ہمارے اقدام سے شہر میں بہتری نظر آرہی ہے اور ای-چالان کا مقصد قوانین پر عملدرآمد کروانا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ہم نے ٹریفک قوانین میں تبدیلی کی ہے کیوں کہ پچھلے قوانین پر عمل نہیں ہو رہا تھا جب کہ نئے ٹریفک قوانین سے بہتری آئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم وہ فیصلے کریں گے جو عوام کے حق میں بہتر ہوں اور ہم چاہتے ہیں لوگ ٹریفک قوانین پر عمل کریں، کسی کا ایک روپے بھی ضائع نہ ہو جب کہ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ پہلے چالان پر وارننگ کریں، لوگوں کے لیے پہلا چالان معاف ہوگا۔
سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل نہ کرنے سے جانیں جاتی ہیں، ای چالان کا مقصد ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کرانا ہے جب کہ ای چالان کی وجہ سے شہر میں حادثات میں کمی آرہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے ہمارے اقدامات پر پر تنقید کی جارہی ہے، ایسے اقدامات تکلیف دہ ضرور ہوتے ہیں لیکن اس سے جانیں بچاسکتے ہیں، یہ سیاسی جماعتیں ہر چیز پر تنقید کرتی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ کراچی کے انفرااسٹرکچر پر تیزی سے کام جاری ہے، آپ کو بہت جلد کراچی میں بہتری نظر آئے گی۔
27ویں آئینی ترمیم سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس پر سی ای ای میں تفصیل سے بات ہوگی، جو بھی فیصلہ ہوگا سی ای سی میں ہوگا جب کہ پیپلز پارٹی جو بھی فیصلہ کرے گی پاکستان کے حق میں ہوگا۔
شرجیل انعام میمن کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں فوڈ پالیسی پر حکومتوں کو فوری اقدامات کی ضرورت ہے، حکومتیں ایسے اقدامات کریں جس سے فوڈ کی کمی نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ سندھ بھر کے کسانوں کو صوبائی حکومت گندم لگانے کے لیے مدد فراہم کر رہی ہے، گندم کی پیداوار بڑھانے کے لیے کسانوں کو فی ایکڑ 14 ہزار روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے۔













لائیو ٹی وی