میکسیکن صدر کلاڈیا شین بام کو قابل اعتراض انداز میں چھونے، بوسہ لینے کی کوشش کے الزام میں ایک شخص گرفتار

شائع November 5, 2025
— فائل فوٹو:رائٹرز
— فائل فوٹو:رائٹرز

میکسیکو کے دارالحکومت میں حامیوں سے ملاقات کے دوران صدر کلاڈیا شین بام کو قابل اعتراض انداز میں چھونے اور بوسہ لینے کی کوشش کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق یہ واقعہ منگل کو اُس وقت پیش آیا، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب شین بام صدارتی محل کے قریب ایک تقریب کے لیے جا رہی تھیں اور راستے میں حامیوں سے ہاتھ ملا رہی تھیں جبکہ انہوں نے تصاویر بھی کھنچوائیں۔

ایک شخص شین بام کے قریب آیا، اُس نے اپنا بازو ان کے کندھے پر رکھا اور دوسرے ہاتھ سے ان کی کمر اور سینے کو چھوا جبکہ ان کی گردن پر بوسہ دینے کی کوشش کی، صدارتی سیکیورٹی ٹیم کے ایک اہلکار نے فوری طور پر اُس شخص کو پیچھے ہٹا دیا، جو منشیات یا شراب کے نشے میں لگ رہا تھا۔

اس رویے کے باوجود کلاڈیا شین بام نے اس شخص سے مہذب انداز میں برتاؤ کیا، اُس کے ساتھ تصویر کھنچوانے پر رضامندی ظاہر کی اور پھر اُس کی پشت تھپتھپائی۔

بعد میں سیکیورٹی حکام نے اطلاع دی کہ اُس شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

وزارت خواتین کی سربراہ نے اس واقعے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم آج اپنی صدر کے ساتھ پیش آنے والے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

وزیر سِتلالی ہرنانڈیز نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ساتھ ہی اُن رویّوں پر بھی تنقید کی جنہیں انہوں نے مردانہ سوچ قرار دیا جو خواتین کی ذاتی جگہ اور جسم پر ناپسندیدہ مداخلت کو معمول بناتی ہے۔

یہ واقعہ میکسیکو میں ایک دیرینہ مسئلے کو اجاگر کرتا ہے، اقوامِ متحدہ کی خواتین سے متعلق ایجنسی (یو این ویمن) کے اعداد و شمار کے مطابق میکسیکو میں 15 سال یا اس سے زائد عمر کی تقریباً 70 فیصد خواتین اپنی زندگی میں کم از کم ایک بار جنسی ہراسانی کا سامنا کرتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 نومبر 2025
کارٹون : 14 نومبر 2025