بیٹے کے علاج کیلئے نوشابہ بی بی کی اپیل
پشاور: ٹی وی اور ریڈیو کی معروف آرٹسٹ اور صدارتی ایوارڈ یافتہ نوشابہ بی بی نے گردے کی بیماری میں مبتلا اپنے بیٹے کے علاج کے لیے مخیر حضرات سے مدد کی اپیل کی ہے۔
ایک نیوز کانفرنس کے دوران اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے 29 سالہ بیٹے شکیل احمد کے علاج کے لیے اپنی پوری جمع پونجی خرچ کردی لیکن اب اس کا علاج جاری رکھنے کے لیے ان کے پاس ایک روپیہ بھی نہیں بچا۔
نوشابہ بی بی کا کہنا تھا ’میں نے اپنے کیریئر کا آغاز 1979 میں پی ٹی وی سے ایک اداکار کے طور پر کیا، اس دوران میں نے پشتو، ہندکو اور اردو زبان کے ڈراموں میں کام کیا اور میری بہترین پرفارمنس اور خدمات کے باعث مجھے صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا، شائقین کو میرا کام کافی پسند ہے‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انھوں نے اپنے کیریئر کے دوران جو کچھ کمایا، اس سے اپنے لیے 60 لاکھ مالیت کا ایک گھر بنایا، جسے اب انہوں نے اپنے بیٹے کے علاج کے لیے فروخت کردیا ہے۔
نوشابہ بی بی کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا گزشتہ ڈیڑھ سال سے گردے کی بیماری میں مبتلا ہے۔
انہوں نے کہا ’اپنے بیٹے کے علاج پر لاکھوں روپے خرچ کرنے کے بعد ڈاکٹروں نے ٹرانسپلانٹ تجویز کیا ہے جس کے لیے مزید پیسے درکار ہیں‘۔
نوشابہ کے مطابق انہوں نے پی ٹی وی کے جنرل منیجر اور خیبر پختونخواہ کے ثقافتی ڈپارٹمنٹ کے صدر سے اس سلسلے میں مدد مانگی تاہم دونوں ہی کا کہنا تھا کہ وہ ان کے علاج کے لیے تو مدد کرسکتے ہیں لیکن ان کے بیٹے کے لیے نہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ کے وزیر صحت نے بھی انہیں فون کرکے بیٹے کے علاج کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن اس کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
نوشابہ بی بی نے کہا کہ ان کے شوہر کے انتقال کے بعد ان کے بیٹے شکیل کا خیال رکھنے کی مکمل ذمہ داری ان کے کندھوں پر آگئی ہے۔
ان کا کہنا تھا، ’میں نے اپنی پوری زندگی میں کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلائے لیکن آج اپنے بیٹے کی زندگی کے لیے میں مخیر حضرات سے مدد کی اپیل کرتی ہوں‘۔
یہ خبر 20 ستمبر 2016 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی